لکھنو: اتر پردیش پولیس نے مہاکمبھ میلے کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دینے والے شخص کو بہار کے ضلع پورنیہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کی شناخت آیوش کمار جیسوال کے طور پر ہوئی ہے، جس نے 31 دسمبر کو سوشل میڈیا پر "ناصر پٹھان" کے نام سے جعلی آئی ڈی بنا کر دھمکی آمیز پوسٹ کی تھی۔ یوپی پولیس نے تحقیقات کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا۔آیوش نے سوشل میڈیا پر "ناصر پٹھان" کے نام سے جعلی آئی ڈی بنائی تھی اور اس پر مہاکمبھ میلے کو دھماکے سے اڑانے اور 1000 افراد کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی تھی۔ یہ پوسٹ وائرل ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کیا اور ملزم کی تلاش شروع کی۔ تحقیقات کے دوران ملزم کی لوکیشن بہار کے پورنیہ ضلع کے بھوانی پور تھانہ علاقے میں پائی گئی۔یوپی پولیس نے بہار کی پورنیہ پولیس کی مدد سے ملزم آیوش کمار جیسوال کو گرفتار کر لیا۔ آیوش کے والد کا نام کیشور جیسوال ہے اور وہ پورنیہ ضلع کے بھوانی پور کے شہید گنج علاقے کا رہائشی ہے۔ 31 دسمبر کو اس نے جعلی پروفائل کے ذریعے مہاکمبھ میلے کو دھمکی دی تھی۔ پولیس نے سرویلنس کے ذریعے اس آئی ڈی کا پتہ لگایا جس سے دھمکی دی گئی تھی۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم ناصر نہیں بلکہ آیوش ہے۔اتر پردیش پولیس نے بہار کی پولیس سے رابطہ کرکے آیوش کو گرفتار کر لیا اور اسے پریاگ راج منتقل کیا۔ وہاں اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے ملزم آیوش کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا اس معاملے میں کوئی اور بھی آیوش کے ساتھ ملوث ہے۔ پولیس ہر زاویے سے اس کیس کی سنجیدگی سے تحقیقات کر رہی ہے۔
0 Comments