Latest News

ہندوستان میں ’ایچ ایم پی وی‘ کی دستک، چینی وائرس سے تین بچے متاثر، کرناٹک میں دو، گجرات میں ایک بچہ شکار، علاج جاری۔

نئی دہلی: چین میں پھیلنے والے کورونا جیسے وائرس ہیومن میٹانیومو وائرس (ایچ ایم پی وی) کا ہندوستان میں تیسرا کیس ملا ہے۔ پیر کے روز احمد آباد میں دو ماہ کے ایک بچے میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی۔ یہ بچہ راجستھان سے تعلق رکھتا ہے اور علاج کے لیے احمد آباد لایا گیا ہے۔اس سے قبل پیر کی صبح کرناٹک میں تین ماہ کی ایک بچی اور آٹھ ماہ کے بچے میں یہ وائرس پایا گیا تھا۔ دونوں بچوں کا معائنہ بنگلور کے ایک اسپتال میں کیا گیا تھا۔احمد آباد میں دو ماہ کے بچے کو ۱۵ دن پہلے طبیعت خراب ہونے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بچے کو شدید بخار اور سردی کی شکایت تھی۔ ابتدائی دنوں میں اسے پانچ دن تک وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔ بعد میں ہونے والی جانچ میں ایچ ایم پی وی وائرس کی موجودگی کا پتہ چلا۔کرناٹک کے دونوں کیسز کے بارے میں مرکزی وزارت صحت نے بتایا کہ بچے معمول کی جانچ کے لیے اسپتال لائے گئے تھے۔ ٹیسٹ کرانے پر ان کی رپورٹ مثبت آئی۔ تاہم، کرناٹک کے محکمہ صحت نے واضح کیا کہ بچوں کے نمونے ایک نجی اسپتال میں ٹیسٹ کیے گئے اور سرکاری لیب میں ان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ایچ ایم پی وی وائرس سے متاثر ہونے پر مریضوں میں سردی اور کووڈ-۱۹جیسے علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ اس وائرس کا زیادہ اثر چھوٹے بچوں پر ہو رہا ہے، خاص طور پر دو سال سے کم عمر کے بچوں پر۔کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ دو بچوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے فوری طور پر ریاست کے وزیر صحت دینیش گنڈو راؤ سے بات کی۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت اس وائرس کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔کرناٹک کے وزیر صحت دینیش گنڈو راؤ نے کہا یہ کوئی نیا وائرس نہیں ہے۔ ایچ ایم پی وی ایک فلو وائرس ہے، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم اس معاملے پر اپنے ماہرین کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور اسے قابو کرنے کے لیے بھارت سرکار اور آئی سی ایم آر سے بات کریں گے۔چین میں ایچ ایم پی وی وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب ایمرجنسی جیسے حالات کی بات کہی جا رہی تھی۔ تاہم، حکومت ہند سرکار نے ۴جنوری کو ایک مشترکہ مانیٹرنگ گروپ کی میٹنگ کی۔ اس کے بعد سرکار نے کہا کہ فلو کے موسم کو دیکھتے ہوئے چین کی صورتحال غیر معمولی نہیں ہے اور ہندوستان اس سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر