Latest News

ہماری زندگی کی ویڈیو ریکارڈنگ قیامت کے دن دکھائی جائے گی: خطیب محمد اقبال۔

آگرہ: مسجد نہر والی سکندرا کے خطیب محمد اقبال نے جمعہ کے خطبہ میں حاضرین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کو اپنی زندگی کے اعمال پر غور کرنا چاہیے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کے نظام کے تحت اس کی پوری زندگی کی نگرانی اور ریکارڈنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی لمحہ ایسا نہیں جب انسان اللہ کی نگاہ اور فرشتوں کی نگرانی سے باہر ہو، اور قیامت کے دن اس کی پوری زندگی کا ریکارڈ اس کے سامنے پیش کر دیا جائے گا، جس کے بعد وہ اپنے کسی عمل سے انکار نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ کراماً کاتبین ہمارے اعمال لکھتے ہیں، لیکن ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ فرشتوں کے کام اور اللہ تعالیٰ کی قدرت کو دنیاوی پیمانوں سے نہیں ناپا جا سکتا۔ قرآن کریم کی سورۂ ق کی آیت 18 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: 
"وہ کوئی لفظ منہ سے نہیں نکالتا مگر اس کے پاس ایک نگہبان تیار ہوتا ہے۔"
محمد اقبال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج انسان دنیاوی مصروفیات میں اس قدر کھو گیا ہے کہ اسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے آنے والی کامیابی اور ہدایت کی آواز سنائی نہیں دیتی۔ انہوں نے حاضرین کو قیامت کی ہولناکیوں یاد دلاتے ہوئے سورۂ الحج کی آیات 1 اور 2 کا حوالہ دیا، جن میں قیامت کے زلزلے اور اس دن کی شدت کا ذکر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیامت کے دن ہر انسان کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا، اس لیے ضروری ہے کہ آج ہی سے اپنی زندگی کو نیک اعمال، عبادات اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے مطابق ڈھالا جائے تاکہ روزِ محشر کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ خطیب محمد اقبال نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہم سب کو اپنی اصلاح کرنے، نیک اعمال اختیار کرنے اور آخرت کی تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر