Latest News

غزہ کے مختصر خطبۂ جمعہ نے پوری انسانیت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا: خطیب محمد اقبال، فلسطین کے لیے دعاؤں، توبہ اور اجتماعی بیداری کی اپیل، غزہ میں امن و سلامتی کی دعا۔

آگرہ: مسجد نہر والی، سکندرہ کے خطیب محمد اقبال نے جمعہ کے خطبے میں غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں ادا کیا گیا ایک مختصر خطبۂ جمعہ پوری انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک امام نے ممبرِ رسول ﷺ پر کھڑے ہو کر یہ کہا کہ "میں بہت بھوکا ہوں، بولنے کی طاقت نہیں، آپ بھی بہت بھوکے ہیں، سننے کی طاقت نہیں، آئیے نماز کے لیے کھڑے ہو جائیں" تو یہ الفاظ صرف ایک مختصر خطبہ نہیں بلکہ پوری انسانیت، بالخصوص امتِ مسلمہ کے ضمیر پر ایک گہرا سوال ہیں۔
محمد اقبال نے کہا کہ یہ منظر بے بسی، بھوک اور مظلومیت کی انتہا کی عکاسی کرتا ہے، جس کی بازگشت تاریخ میں طویل عرصے تک سنائی دیتی رہے گی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب یہ بھوکے، پیاسے اور مظلوم لوگ قیامت کے دن اپنے رب کے حضور حاضر ہوں گے تو دنیا کی بے حسی کے بارے میں کیا گواہی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں کی بھی شامل ہے، جبکہ بے شمار افراد زخمی اور متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق اس سنگین انسانی بحران کے باوجود عالمی ضمیر کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ خطیب محمد اقبال نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کے لیے اخلاص کے ساتھ دعائیں کریں، اپنے اعمال کا محاسبہ کریں، اللہ تعالیٰ سے توبہ و استغفار کریں اور مظلوموں کی مدد کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دنیا بھر میں امن و سلامتی قائم فرمائے، خصوصاً غزہ کے مظلوم عوام کی حفاظت فرمائے، ان کی مشکلات آسان کرے اور انہیں جلد امن، سکون اور انصاف نصیب فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر