آگرہ: مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے خطبۂ جمعہ میں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے زندگی میں ’’یو ٹرن‘‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں بتایا کہ انسان سے غلطیاں ہونا فطری ہے، لیکن اپنی غلطیوں سے توبہ کرکے صحیح راستے کی طرف لوٹ آنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ خطیب محمد اقبال نے سورۂ نور کی آیت نمبر 31 کی تلاوت کرتے ہوئے کہا: اے ایمان والو! تم سب اللہ کی طرف توبہ کرو تاکہ تم کامیاب ہوجاؤ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب اس دنیا میں ایک سفر پر ہیں اور اس سفر کے دوران اکثر انسان راستہ بھٹک جاتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمیں واپس صحیح راستے پر آنے کا موقع دیا ہے۔ یہی زندگی کا اصل ’’یو ٹرن‘‘ ہے۔ انسان کا گزرا ہوا کل واپس نہیں آسکتا، لیکن آج کیا گیا فیصلہ اس کے مستقبل کو ضرور بدل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موبائل پر وقت ضائع ہورہا ہے، بری صحبت اختیار ہے، نماز میں کوتاہی ہورہی ہے یا گناہوں کی زندگی معمول بنتی جارہی ہے تو سمجھ لینا چاہیے کہ یہی یو ٹرن لینے کا وقت ہے۔ قرآن کریم میں نماز کے بارے میں فرمایا گیا کہ بے شک نماز بے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے۔ کاروبار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر تجارت میں جھوٹ، ملاوٹ، رشوت یا سود شامل ہوگیا ہے تو انسان کو فوراً اپنا راستہ تبدیل کرنا چاہیے، کیونکہ حرام کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔
انہوں نے گھریلو زندگی میں بھی اصلاح کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر گھر میں سختی، بدزبانی یا اولاد سے دوری ہے تو انسان کو اپنے رویے میں تبدیلی لانی چاہیے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے سب سے بہتر ہو۔ خطیب نے کہا کہ اگر دل میں کینہ، حسد اور بغض ہے، غیبت کی عادت ہے یا رشتہ داروں سے بول چال بند ہے تو آج ہی تعلقات درست کرنے کی کوشش کریں۔ فون کرکے معافی مانگ لینا، صلح کرلینا اور رشتے جوڑ لینا بھی زندگی کا ایک بڑا یو ٹرن ہے۔ انہوں نے سورۂ فرقان کی آیت نمبر 70 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص توبہ کرے، ایمان لائے اور نیک عمل کرے، اللہ تعالیٰ اس کی برائیوں کو نیکیوں سے بدل دیتا ہے۔ حضرت وحشی رضی اللہ عنہ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنہوں نے حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ کو شہید کیا تھا، بعد میں اسلام قبول کرکے اپنی زندگی کا ایسا یو ٹرن لیا کہ صحابیٔ رسول کہلائے۔ اس سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ انسان چاہے کتنی ہی غلطیوں میں مبتلا ہو، سچی توبہ کے ذریعے اپنی زندگی بدل سکتا ہے۔
آخر میں خطیب محمد اقبال نے کہا کہ ’’یو ٹرن کا مطلب ماضی کو چھوڑ کر مستقبل کو سنوارنا ہے۔‘‘ ہمیں اپنی زندگی میں جلد از جلد مثبت تبدیلی لانے کا فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہوسکے۔

0 Comments