سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے دہلی پہنچ کر اپنے ہم منصب جے شنکر سے مُلاقات کے دوران طالبان سمیت کئی اہم امور پر کیا تبادلہ خیال، آج ہوگی وزیر اعظم مودی سے ملاقات۔
نئی دہلی: سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے اتوار کے روز دہلی پہنچ کر حیدرآباد ہاؤس میں ملک کے اپنے ہم منصب جے شنکر سے ملاقات کرکے کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو ملک کے سرکاری دورے کے موقع پر نئی دہلی میں وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سرکاری مذاکرات کے موقع پر سعودی عرب اور انڈیا کے دوست عوام اور دونوں دوست ملکوں کے مضبوط تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور کے بارے میں یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ عالمی امن و سلامتی کو مستحکم کرنے والی تدابیر پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔ ملاقات کے بعد وزیر خارجہ جے شنکر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’افغانستان، خلیج اور انڈوپیسفک پر مفید تبادلہ خیال ہوا۔‘ دونوں ملکوں کے وزرا نے کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب اور انڈیا کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔ انڈیا کے وزیر خارجہ نے کورونا بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں انڈیا کی مدد پرسعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ مذاکرات کے دوران سعودی وژن 2030 کے تناظر میں دونوں دوست ملکوں کی اقتصادی شراکت کو مستحکم بنانے کے طریقے بھی زیر بحث آئے۔
عرب نیوز کے مطابق انڈین وزیر خارجہ نے اتوار کو اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی جس میں باہمی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں، کورونا وائرس کے چیلنجوں سے نمٹنے اور افغانستان میں سیاسی پیش رفت پر ’بہت مفید’ موقف کا تبادلہ شامل ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے ہیں پیر کو ان کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
اس موقع پر دہلی میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر سعود الساطی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
0 Comments