Latest News

معاشرہ کی تشکیل میں سب سے بڑا کردار خواتین کا: مفتی عبد الرشید قاسمی

 معاشرہ کی تشکیل میں سب سے بڑا کردار خواتین کا: مفتی عبد الرشید قاسمی

جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام اجیت گنج میں اجتماع خواتین کا انعقاد

کانپور: جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی نگرانی میں جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے 10روزہ اجتماع خواتین کے تحت پہلا اجتماع اجیت گنج میں مولانا انصار احمد جامعی کی سرپرستی میں ہوا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر مفتی عبد الرشید قاسمی صدر محکمہ شرعیہ و دارلقضاء کانپور نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ کی تشکیل اور اس کو بنانے میں سب سے بڑا کردار خواتین کا ہوتا ہے۔ مولانا نے گھر کے نظام اور ماحول کو دینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے گھروں کا نظام دینی نہیں ہوا توآنے والے وقت میں ہمارے بچوں کا نام تو مسلمانوں جیسا ہوگا لیکن ان کے اندر مسلمانوں جیسی کوئی تہذیب اوردین باقی نہیں رہے گا۔ مولانا نے کہا کہ جس طرح ہم اپنے بچوں کی ظاہری طور پر صفائی کا لحاظ اورخیال رکھتے ہیں، ان کو نہلاتے، دھلاتے اور روزانہ کپڑوں کی دھلائی کرتے ہیں تاکہ کوئی گندگی ان کے اوپر نہ لگی رہ جائے، اسی طرح ہم روزانہ اپنے بچے، بچیوں کے ذہنوں کا بھی محاسبہ کریں کہ انہوں نے اسکول،کالج اور انسٹی ٹیوٹ وغیرہ میں جاکر کیا پڑھا۔ اپنی بچیوں کو بتائیں کہ تمہارا اصل سرمایہ تمہارا دین و ایمان اور عزت وآبروہے، انہیں بنیادی عقائد، نبی، صحابہ، بزرگوں کی تعلیمات اور ازواج مطہرات کی زندگیوں سے ضرور واقف کرائیں۔ مولانا نے کہا کہ ہمارے بچوں کی ذہن سازی ہوتی رہے گی اور انہیں دینی ماحول ملے گا تو پھر ان کے ذہن میں اگر کسی نے عقائد کے تعلق سے خرابی پیدا کرنے کی کوشش کی ہوگی تو ہمارے گھر کا ماحول اس خرابی کو دور کر دے گا۔ اس کے علاوہ مفتی صاحب نے شادیوں میں بے جا اصراف، ازدواجی زندگی کی خامیاں اور اس کے استلاحات، صحت کا تحفظ، بچے بچیوں کی دینی تربیت، نوعمر بچیوں کی ذمہ داریوں کے تعلق سے بھی خواتین اور ان کے ساتھ آئے موجود بچے، بچیوں کو بیدار کیا۔ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا انصار احمد جامعی امام وخطیب مسجد محمودیہ اجیت گنج نے دوران خطاب کہا کہ ہم اپنے بچے، بچیوں کواچھے سے اچھے اسکول میں پڑھا ئیں، اعلیٰ تعلیم یافتہ بنائیں اور اس کے ساتھ ساتھ ان کے دین و ایمان اور آخرت بنانے پر بھی توجہ دیں تاکہ آنے والے وقت میں ہماری نئی نسل دین او راسلام پر باقی رہے۔مولانا انصار احمد جامعی نے خواتین کو حضور ؐ کی سیرت پر مبنی کتابوں کا نام بتا کر اس کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیا۔مولانا نے کہاکہ اسلام کیلئے ہر دور میں خواتین نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اگر آپ کسی بڑے اللہ کے ولی اور بزرگ کا تذکرہ سنتی ہیں تو اس کے پیچھے کسی نہ کسی طور پر عورت کا ہاتھ ضرور ہوتا ہے، چاہے وہ ماں کی شکل میں ہو،بیٹی،بہن، یا بیوی کی شکل میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ دین کی بنیادی باتوں کے تذکرے ہمارے گھروں میں ہوتے رہناچاہئے تاکہ ہم اسلامی تاریخ اور اسلامی تعلیمات سے مکمل طور پر واقف ہوتے رہیں۔اس سے قبل حافظ محمد طاہر نے اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء شہر کانپور کے خازن مولانا انیس الرحمن قاسمی، جمعیۃ علماء یوپی کے سکریٹری قاری عبد المعید چودھری، حاجی محمد صابر، محمد طارق کے علاوہ پردہ کے اہتمام کے ساتھ کثیر تعداد میں خواتین موجود تھیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر