Latest News

تسمیہ جونیئر ہائی اسکول میں تکمیل قرآن کے موقع پردعائیہ مجلس کا انعقاد، ڈاکٹر سید فاروق نے طلبہ و طالبات کو دیئے اعزازات۔

تسمیہ جونیئر ہائی اسکول میں تکمیل قرآن کے موقع پردعائیہ مجلس کا انعقاد، ڈاکٹر سید فاروق نے طلبہ و طالبات کو دیئے اعزازات۔
مظفر نگر،دیوبند:(فہیم صدیقی)
گذشتہ روز تسمیہ جونیئر ہائی اسکول مظفر نگر میں تکمیل قرآن شریف ناظرہ کے موقع پر ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔اس مجلس میں آن لائن کلام پاک کی تعلیم اور تکمیل کرنے والے 22طلبہ و طالبات کی دستاربندی کے علاوہ تحائف وغیرہ سے نوازا گیا۔دعائیہ مجلس کی صدارت اسکول کے بانی وصدر ڈاکٹر سید فاروق نے کی ۔اور مہمان خصوصی کے طور پر مولانا محمد اسماعیل صادق قاسمی مہتمم مدرسہ فلاح دارین بلاس پور نے شرکت فرمائی،جبکہ نظامت کے فرائض ادارہ کے پرنسپل جاوید مظہر نے انجام دئیے۔دعائیہ مجلس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا بعدازاں طلبہ نے پرسوز آواز میںنعت نبی پیش کی ۔تسمیہ آل انڈیا سوشل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر سید فاروق نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ قرآن شریف ایک مکمل نظام حیات ہے اسلئے والدین بچوں کی تعلیم وتربیت کے وقت قرآن شریف پڑھانے کو ترجیح دیں اس کے علاوہ ان کی اخلاقی تربیت،وقت کی پابندی اور قرآن کریم کی تعلیم کو زندگی میں شامل کرنے اور صبح وشام بچوں کو تلاوت کلام پاک کا پابند بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ قرآن شریف کی تلاوت کو اپنی روز مرہ کے معمولات میں شامل کرلیتے ہیں وہ زندگی میں کبھی ناکام نہیں ہوتے ہیں۔پروگرام کے مہمان خصوصی مولانا محمد اسماعیل صادق قاسمی نے تکمیل کلام پاک ناظرہ کرنے والے طلبہ وطالبات اور ان کے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیم ہمیں دین اور دنیا میں رہنے کا سلیقہ اور آداب سکھاتی ہے اس کے علاوہ کلام پاک پرسنل وسوشل ذمہ داری اور فرائض کا احساس کراتی ہے انہوں نے کہا کہ اگر آپ اپنے دماغ کو روشن کرنا چاہتے ہیں اور روحانیت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو کلام پاک کے ایک ایک لفظ کو غور سے پڑھیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کا بھی فرمان ہے کہ قرآن مجید کو سوچ سمجھ کر پڑھو اس کے بعد تسمیہ اسکول کے پرنسپل جاوید مظہر نے ادارہ کی تعلیمی کار کردگی اور آن لائن تعلیم دئیے جانے کی تفصیلات پیش کیں۔ پروگرام کے دوران کلام پاک کی تکمیل کرنے والے طلبہ وطالبات کو ڈاکٹر سید فاروق،مولانا محمد اسماعیل اور اسکول کے منیجر سید اعجاز احمد کے بدست رقیہ،ثانیہ،نازیہ،شوبیہ عصمت، لائقہ، درخشاں، خوش نصیب،زبیر احمد وغیرہ کو تحائف دئیے گئے۔پروگرام کے اختتام پر اسکول کے پرنسپل جاوید مظہر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر طلبہ وطالبات کے علاوہ اسٹاف موجود رہا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر