Latest News

کل سہارنپور پہنچے بیرسٹر اسدالدین اویسی، اترپردیش الیکشن کے لئے مجلس اتحاد المسلمین کی تیاریوں میں تیزی

کل سہارنپور پہنچے بیرسٹر اسدالدین اویسی، اترپردیش الیکشن کے لئے مجلس اتحاد المسلمین کی تیاریوں میں تیزی
دیوبند:(سمیر چودھری) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے قومی صدر اور حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کل( اتوار کو) سہارنپور پہنچیں گے اور یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ 31 اکتوبر کو اسد الدین اویسی سہارنپور کے جنتا روڈ پر واقع خورد بس اسٹینڈ میںشوشت اور ونچت سماج کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔ وہ 12 بجے سہارنپور پہنچیں گے اور ایک بجے جلسہ گاہ پہنچ کر عوام سے خطاب کرینگے۔

اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات سے پہلے اسد الدین اویسی اتر پردیش میں اپنی جگہ بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں،اسی کڑی کے تحت وہ سہارنپور آرہے ہیں، تین روز قبل بیرسٹر اسدالدین اویسی نے مظفر نگر میں بھی ایک پروگرام کیا تھا۔ اسدالدین اویسی مغربی یوپی کے مسلم ووٹوں اور دلتوں کو ساتھ لے کر اتر پردیش میں اپنی سیاسی گرفت بنانا چاہتے ہیں۔ اسد الدین اویسی کو ملک میں مسلمانوں کی مضبوط سیاسی آواز سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے اتر پردیش میں 100 سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے،حالانکہ بھارتیہ سہیل دیوپارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر کے ذریعہ ان کا ساتھ چھوڑ کر اکھلیش یادو کے ساتھ مل جانے سے ان کے اتحاد کو گہرا جھٹکا لگا ہے ،لیکن اب آزاد سماج کے قومی صدر و نوجوان لیڈر چندر شیکھر آزاد سے ان کے ہاتھ ملانے کی چرچائیں شروع ہوگئی ہیں۔ 

مجلس اتحاد المسلمین کے ضلع صدر محمد وسیم نے بتایا کہ اس پروگرام کے لیے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبھی پارٹیاں ہر طبقے کا ووٹ چاہتی ہیں لیکن جب ان کی عزت و احترام کی بات آتی ہے تو لیڈر اقتدار میں آتے ہی ہاتھ کھینچ لیتے ہیں۔ کمزور طبقے کے لوگ اب اپنی جنگ خود لڑیں گے۔ ہماری پارٹی سبھی پسماندہ طبقات کے ساتھ ہے اور 2022ءکے الیکشن میں حصہ لیکر بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرے گی۔ضلع صدر نے بتایا کہ قومی صدر اسد الدین اویسی 31 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے سہارنپور کے جنتا روڈ پر واقع خورد بس اسٹینڈ میں منعقد پروگرام میں پہنچیں گے۔اس پروگرام کے سلسلے میں پارٹی کے ریاستی صدر شوکت علی نے بھی پارٹی کے صوبائی دفتر لکھنو میں پریس کانفرنس کی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر