Latest News

لکھیم پور کیس:اہم ملزم و مرکزی وزیر کے بیٹے آشیش مشرا کی ایس آئی ٹی کو ملی تین روز کی مشروط ریمانڈ۔

لکھیم پور کیس:اہم ملزم و مرکزی وزیر کے بیٹے آشیش مشرا کی ایس آئی ٹی کو ملی تین روز کی مشروط ریمانڈ۔

لکھنو: عدالت نے لکھیم پور واقعے کے اہم ملزم مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کو تین روز کے لئے ایس آئی ٹی ریمانڈ پر بھیج دیا۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے آشیش کی پیشی کے بعد پیر کی صبح سماعت شروع ہوئی۔ عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد آشیش کے ریمانڈ کا فیصلہ دیا۔ ایس آئی ٹی نے آشیش کا 14 روز کی ریمانڈ مانگی تھی۔ تین روزکی ریمانڈ 12 اکتوبر سے شروع ہوگی۔ ریمانڈ دیتے ہوئے عدالت نے کچھ شرائط بھی عائد کی ہیں۔

آشیش کے وکیل اودھیش سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے ان کے موکل سے پوچھ گچھ کے لیے 14 روزہ ریمانڈ کی مانگ کی تھی جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے آشیش کو تین دن کے مشروط ریمانڈ پر بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے مطابق پولیس کو ریمانڈ میں لینے سے پہلے آشیش کا طبی معائنہ کرنا پڑے گا ، اس پر حملہ نہیں کیا جائے گا۔ اس کے وکلاسے ملاقات کی اجازت ہوگی۔

استغاثہ نے کہا کہ ہفتے کے روز 12 گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ ملزم سے کئی سوالات پوچھے گئے ، جس میں صرف 40 سوالوں کے جواب دیئے گئے۔ استغاثہ نے ریمانڈ کے لیے دلیل دی کہ ملزم کو گواہوں سے تصادم ، بازیابی اور تفتیش کی سازش کے لیے ریمانڈ دیا جائے۔ ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے آشیش کے وکیل نے کہا کہ انہوں نے ہفتے کے روز 12 گھنٹوں میں 40 سے زائد سوالات کے جوابات دیے ہیں۔ اس لیے اب ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ٹی تھرڈ ڈگری کا استعمال کرتے ہوئے آشیش کو جرم کا اعتراف کروانا چاہتی ہے۔ واقعہ کے دن ہنگامے میں آشیش کے موجود ہونے سے متعلق کچھ تصاویر بھی عدالت کو دکھائی گئیں۔ وکیل نے کہا کہ ایس آئی ٹی تفتیش کے لیے جیل بھی جا سکتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 3 اکتوبر کو لکھیم پور میں پیش آنے والے واقعہ میں چار کسانوں اور ایک صحافی سمیت نو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ایس آئی ٹی کا ماننا ہے کہ آشیش مشرا تھر جیپ چلا رہا تھا۔ اس معاملے نے سیاسی رنگ بھی لے لیا۔ آشیش مشرا کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا اور ہفتے کی رات گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی اپیندر اگروال ، جو ایس آئی ٹی میں شامل تھے ، نے پوچھ گچھ کے بعد بتایا تھا کہ جانچ میںآشیش مشرا تعاون نہیں کر رہے تھے۔ اب ایس آئی ٹی آشیش کو ریمانڈ پر لے کر پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے۔ ایس آئی ٹی نے آشیش مشرا کے موبائل کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ اس موبائل کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔ 

سمیر چودھری

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر