Latest News

جمعیۃ علماء کانپور دیہات کی مجلس منتظمہ کا اجلاس منعقد،متعدداہم تجاویزمنظور۔

جمعیۃ علماء کانپور دیہات کی مجلس منتظمہ کا اجلاس منعقد،متعدداہم تجاویزمنظور۔

کانپوردیہات:۔ ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا اندراج، ماہ ربیع الاول کو ماہ رحمت عالمؐ کے طور پر منانے،مساجد اورمدارس کا وقف بورڈمیں اندراج،نوجوان بچے،بچیوں کوفتنہ ارتداد سے بچانے،فرقہ پرست عناصر کے ذریعہ مذہب اور مذہبی تشخص کی بنیاد پر کی جانے والی زیادتی یعنی ہیٹ کرائم کی رپورٹ،تحصیلوں میں تشکیل دی گئی یونٹوں کومزیدمستحکم بنانے اورضلعی دفترکے قیام کے سلسلے میں غور و خوض کیلئے جمعیۃ علماء ضلع کانپوردیہات کے اراکین منتظمہ کااجلاس مدرسہ فیضان محمدؐ بھوگنی پور میں جمعیۃ علماء کانپور دیہات کے ضلع صدر مولانامحمداظہار قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔جمعیۃ علماء اتر پردیش کے ریاستی نائب صدر مولاناامین الحق عبداللہ قاسمی بطور مہمان خصوصی اجلاس میں شریک رہے۔اجلاس کا آغازتلاوت قرآن سے ہوا۔ ضلع صدر مولانامحمداظہارقاسمی نے اراکین عاملہ ومنتظمہ سے مخاطب ہوکرفرمایا کہ آج کی یہ نشست مسلمانوں کے ساتھ پیش آنے والے متعددمسائل کے حل کیلئے رکھی گئی ہے جس میں کچھ اہم نکات کواراکین کے بروئے کارلاکرمشورے اورباتفاق رائے کو ترجیح دی جائیگی کیونکہ مشورے اورمتفقہ رائے سے لئے گئے فیصلوں پرخیرکانازل ہونا حدتک یقینی ہوتاہے۔
اجلاس میں ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے سلسلہ میں اراکین کو ووٹر بیداری اور نئے ناموں کے اندراج اور تصحیح کیلئے اراکین کو کیمپ لگانے کی ذمہ داریاں سونپی گئیں، اس کے ساتھ ہی اس کام کیلئے ضلع کے عوام کو ووٹ کی اہمیت اور ضرورت سے واقف کراکر بیداری پیدا کرنے کیلئے ائمہ مساجد کی خدمات بھی حاصل کرنے کیلئے اراکین کو متوجہ کیا گیا۔ ریاسی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے مشورہ سے میٹنگ میں موجود اراکین نے ماہ ربیع الاول میں 12روزہ اجلاس رحمت عالم ؐ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے تحت پورے ضلع میں جمعیۃ علماء ضلع کانپور دیہات کے زیر اہتمام 12اجلاس منعقدکئے جائیں گے، اس کیلئے مختلف ذمہ داریاں اراکین کے سپرد کی گئیں۔ مساجد کو وقف بورڈ میں اندراج کے تعلق سے تفصیلی معلومات اور اس کام کی اہمیت سے روشناس کرتے ہوئے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ نے موجود تمام اراکین منتظمہ اور ضلع کے عہدیداران کو وقف بورڈ میں مساجد کے اندراج کے طریقہ کار سے واقف کرایا۔ جس پر تمام اراکین نے اس کام کو سراہتے ہوئے اپنی سطح سے ضلع بھر میں موجود ذمہ داران مساجد و مدارس سے ملاقاتیں کرکے اس کام کو کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ میٹنگ میں اراکین کو نوجوان بچے، بچیوں کو فتنہ ارتداد سے بچانے اور ان کی دینی تعلیم و تربیت اور ان کے اندر دینی غیرت و حمیت کو پیدا کرنے کیلئے تدابیر اختیار کرنے کیلئے متوجہ کیاگیا۔ اسی کے ساتھ مسلمانوں کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر ہونے والی زیادتیوں اور مذہبی منافرت کے وارداتوں پر قدغن لگانے اورقانونی طورسے اس کے انسداد کیلئے جمعیۃ علماء ہند کے ذریعہ جمع کی جانے والی ہیٹ کرائم کی تفصیلات اور اس کی کوششوں سے واقف کراتے ہوئے اراکین کو اس تعلق سے ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں بتایا گیا۔ میٹنگ میں جمعیۃ علماء کانپور کے ذریعہ قائم کی گئیں تحصیل سطحی یونٹوں کو مزید فعال اور متحرک کرنے کیلئے غور و خوض کے بعدطے پا یا گیا کہ ضلعی جمعیۃ علماء کے ذریعہ کئے جانے والے تمام کاموں میں ذیلی جمعیۃ کے اراکین و عہدیداران ہر طرح سے اپنا تعاون کریں گے اور آنے والی پریشانیوں سے ضلع سطح کے ذمہ داران کو واقف کر اتے ہوئے دی گئی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے۔ آخر میں جمعیۃ علماء کانپور دیہات کیلئے ایک مستقل دفتر کے قیام کے سلسلے میں موزوں مقام اور مناسب قیمت پر زمین کی تلاش پھر آئندہ کے دیگر امور کیلئے موجود اراکین کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ اس اجلاس میں مہمان خصوصی جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی،ضلع صدر مولانا محمد اظہار قاسمی،جنرل سکریٹری مولانامحمد اسماعیل قاسمی کے ساتھ حاجی محمد عقیل،حاجی محمد لقمان،مولانا محمد طارق قاسمی،مفتی مجیب الرحمن،مولانا محمد مبین قاسمی،قاری عبد المعید چودھری،مفتی ہارون قاسمی،مفتی عبدالعزیزقاسمی،مولاناشان محمد جامعی،مولوی محمد زید محمودی کے علاوہ جمعیۃ علماء کانپور دیہات کے تمام اراکین عاملہ و منتظمہ شریک رہے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر