Latest News

رامپور منہیاران کے شہر قاضی اعتماد الحق کا انتقال، متعلقین میں غم کی لہر۔

رامپور منہیاران کے شہر قاضی اعتماد الحق کا انتقال، متعلقین میں غم کی لہر۔

دیوبند: (فہیم صدیقی)  رامپور منہیاران کے شہر قاضی اور سماجی کارکن قاضی اعتماد الحق کا انتقال ہوگیا ، ان کے انتقال کی خبر جیسے ہی علاقہ میں پہنچی ، غم کی لہر دوڑگئی اور لوگ ان کے گھر پر پہنچنے لگے۔ تفصیل کے مطابق رام پور منہیاران کے شہر قاضی اور سماجی کارکن قاضی اعتماد الحق کا آج صبح تقریباً 4بجے انتقال ہوگیا۔ انتقال کی خبر سے ہر طرف غم کی لہر دوڑگئی، قاضی اعتماد الحق اپنے ملنسار رویہ اور انصاف کی بات کرنے والے تھے اوران کا سبھی مذاہب کے لوگ احترام کرتے تھے ۔

 نائب شہر قاضی ندیم الحق نے بتایا کہ قاضی جی گزشتہ کافی وقت سے بیمار چل رہے تھے ، ان کا انتقال ہوجانے سے شہر کا بڑا نقصان ہوا ہے ، ان کی جگہ کو کوئی پُر نہیں کرسکتا۔ انہوں نے ہمیشہ امن اور بھائی چارہ کا پیغام دیا ، وہ سبھی مذاہب کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے میں یقین رکھتے تھے ۔ رام پور منہیاران قصبہ میں اگر کبھی کوئی پریشانی سامنے آتی تو انہوں نے اپنی سمجھ داری سے اسے سلجھادیا ، اسی کے ساتھ جیسے ہی ان کے انتقال کی خبر دیوبند پہنچی تو ان کے متعلقین اور رشتہ داروں میں غم کی لہر دوڑگئی اور وہ بھی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے رام پور منہیاران روانہ ہوگئے۔

 ان کے انتقال پر دارالعلوم وقف کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی نے کہا کہ رام پور منہیاران کے شہر قاضی اعتماد الحق ایک برد بار اور ملنسار شخصیت تھے وہ ہمیشہ پیار ومحبت کی بات کیا کرتے تھے، ان کا دنیاسے رخصت ہوجانا ایک بڑا حادثہ ہے۔ مدرسہ اصغریہ کے مہتمم ڈاکٹر سید جمیل میاں حسین نے ان کے انتقال پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باصلاحیت انسان تھے ۔ انہوںنے کہا کہ ان کا دیوبندسے گہرا تعلق تھا ، خاص طور پر ہمارے خاندان سے قدیمی تعلق اور عزیز داری تھی۔

 ان کے علاوہ ممبر پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن، مولانا ندیم الواجدی ، مولانا نسیم اختر شاہ قیصر، ڈاکٹر انور سعید، ڈاکٹر اختر سعید، سہیل صدیقی، ڈاکٹر عبید اقبال عاصم، نوید اقبال عثمانی، توصیف قریشی، انعام قریشی، راحل عثمانی، اسرار فاروقی، فہیم اختر صدیقی، ڈاکٹر شبلی، جنید اقبال عثمانی، مولانا غانم ، سید عقیل حسین میاں وغیرہ نے تعزیت مسنونہ پیش کی۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر ادا کی گئی اور آبائی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر