Latest News

معہد عائشہ الصدیقہ ؓدیوبند میں طالبات کے مابین منفرد انداز میں درود شریف کی خطاطی کا مسابقہ، کامیاب طالبات کوانعامات سے نوازا گیا۔

معہد عائشہ الصدیقہ ؓدیوبند میں طالبات کے مابین منفرد انداز میں درود شریف کی خطاطی کا مسابقہ، کامیاب طالبات کوانعامات سے نوازا گیا۔
دیوبند: (رضوان سلمانی)  دیوبند کے مشہور تعلیمی ادارے معہد عائشہ الصدیقہؓ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے خطاطی کے ایک اہم مسابقے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پینتیس طالبات نے حصہ لیا، یہ ایک انوکھا پروگرام تھا، طالبات کو دعوت دی گئی تھی کہ وہ درود شریف کو اُردو اور عربی رسم الخط میں لکھیں، اور اسے فن خطاطی سے آراستہ کریں، تقریباً پینتیس طالبات نے اس مسابقے میں شرکت کی اور فن خطاطی کے جوہر دکھلائے؛ دس طالبات کو جنھوں نے فن خطاطی میں بہترین مظاہرہ کیا تھا، انعامات کے لیے منتخب کیا گیا۔

جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے معہد کے ناظم معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی نے کہا کہ یہ پروگرام اپنی نوعیت کا بے حد دل چسپ اور انوکھا پروگرام ہے، ہم نے طالبات کو پینٹنگ وغیرہ سے ہٹا کر درود شریف لکھنے کی دعوت دی تھی، ہمیں خوشی ہے کہ اس پروگرام میں طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، انھوں نے ماہ ربیع الاول کے تقاضے اور ذمہ داری کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی دنیا کے ہر مسلمان کے لیے لائق صد احترام ہے، انھوں نے کہا کہ اس احترام کا تقاضا یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے تئیں جو حقوق ہیں ہم ان کو ادا کرنے کی کوشش کریں۔

انھوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم پر کئی حق ہیں، پہلا حق یہ ہے کہ ہم آپ پر ایمان لائیں، دوسرا حق آپ سے محبت کرنا ہے، اور اتنی محبت کرنا ہے کہ ہم کسی دوسرے سے اتنی محبت نہ کریں، تیسرا حق اطاعت ہے، اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے بعد ہمارے لیے رسول ا للہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت ضروری اور لازمی ہے، تیسرا حق اتباع ہے یعنی ہم آپ کے ہر عمل کی اتباع کریں، آپ کی زندگی کو اپنے لیے نمونہ اور اسوہ بنائیں، آپ کے نقش قدم پر چلیں، پانچواں حق درود شریف پڑھنا ہے، ہر مسلمان کو درود شریف پڑھنے کا اہتمام کرنا چاہیے، درود شریف بہت سی پریشانیوں اور بیماریوں کا علاج اور مصائب ومشکلات کا حل ہے، طالبات کو درود شریف لکھنے کے لیے کہا گیا تھا؛ تاکہ وہ اس کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی کوشش کریں، خوشی کی بات یہ ہے کہ طالبات نے بہترین کوشش کی۔

 اس مسابقے میں اول پوزیشن صوفیہ بنت ابوبکر طالبہ دورہئ حدیث شریف نے حاصل کی، دوم پوزیشن جویریہ بنت محمد شاہد نے حاصل کی، یہ بھی دورہئ حدیث شریف کی طالبہ ہیں، تیسری پوزیشن افتاء کی طالبہ شاہینہ بنت محمد عرفان نے حاصل کی، ان تینوں کو شیلڈ دی گئی اور نقد انعامات بھی دئے گئے، سات طالبات کو ٹرافی دی گئی، تمام شریک طالبات کو سارٹیفکٹ بھی دئے گئے، اس موقع پر معہد کے معلمین مولانا محمود قاسمی بستوی، مفتی محمد شاکر قاسمی، مفتی محمد معراج قاسمی اور مولانا محمد رضوان قاسمی کے ساتھ ساتھ تمام معلمات اور طالبات موجود تھیں، مسابقے میں شریک تمام طالبات کے خطاطی کے نمونے دیوار پر آویزاں کئے گئے تھے تاکہ سب لوگ ان نمونوں کو دیکھ سکیں۔

Posted By: Sameer Chaudhary

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر