Latest News

سید وزین احمد ہاشمی جمعیۃ علماء وسطی اترپردیش کے صدر منتخب، لکھنؤ میں منعقد مجلس منتظمہ کااجلاس کئی اہم فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر۔

سید وزین احمد ہاشمی جمعیۃ علماء وسطی اترپردیش کے صدر منتخب، لکھنؤ میں منعقد مجلس منتظمہ کااجلاس کئی اہم فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر۔
لکھنؤ: جمعیۃ علماء ہند کی جدید ممبر سازی کے بعد تمام ضلعی اکائیوں کے ساتھ صوبائی انتخاب کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے، صوبہ اترپردیش کی وسعت کے پیش نظر اس کو تین زون مشرقی، مغربی اور وسطی میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں نئے انتخاب کا عمل جاری ہے۔
اس سلسلے میں جمعیۃ علماء وسطی اترپردیش کا انتخابی اجلاس ڈالی گنج واقع ممتاز پوسٹ گریجویٹ کالج میں جمعیۃ علماء وسط یوپی کے صدر سید وزین احمد ہاشمی کی صدارت میں منعقدہوا۔ اجلاس سے قبل جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی، ریاستی صدرمولانا عبدالرب اعظمی، ریاستی ناظم اعلیٰ مولانا سید محمد مدنی، وسطی زون کے صدر سید وزین احمد ہاشمی، زون کے جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی اور ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے پرچم کشائی کی۔ 
جمعیۃ علماء وسط یوپی کے جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی نے سکریٹری رپورٹ پیش کرکے متحرک، فعال اراکین اور یونٹوں کی خصوصی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے حکومتی مشینری سے ممکن حد تک تعاون لینے، خاموشی کے ساتھ لوگوں کی مدد، اوقاف کو ریگولیٹ کرنے کیلئے ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء نے اکابر علماء کی نگرانی میں کمیٹیاں تشکیل دے کر اضلاع کے لوگوں کو اس تعلق سے اطلاع پہنچوائی اور لوگوں کی مدد کی ہے۔تقریباً 450 مساجد اور غیردرج وقف املاک کو درج کرایا جا چکا ہے اور اس کا کام جاری ہے۔ لاک ڈاؤن کے دورانیہ میں بھی ہمارے کارکنان نے زمین پر کام کیا اور گلی گلی، محلے محلے کیمپ لگا کر اور جمعہ کے موقع پر اعلانات کرکے 322291 ممبران بنائے۔ جس کے نتیجے میں 791 عہدیداران منتخب ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ادھر ڈیڑھ مہینے سے مسلسل کالج واسکول اور گرہستی میں لگی ہوئی خواتین کی دینی ایمانی حمیت وغیرت کو بیدار کرنے کیلئے جامع و منظم مہم چلائی گئی جس کے تحت وسط زون کے 28 اضلاع میں 325 پروگرام منعقد ہوئے۔ مولانا کے ساتھ تمام اراکین منتظمہ نے عزم کیا کہ اپنی آبادی کے نصف حصہ یعنی تمام خواتین تک ایمانی باتوں کو پہنچا کر رہیں گے۔

اس کے بعد وسط زون کے انتخاب کی کارروائی شروع ہوئی۔ پہلے سے ہی عہدہ صدارت پر فائز جناب سید وزین احمد ہاشمی لکھنؤ، محمدی لکھیم پور کے معروف عالم دین مولانا اسلام الحق اسجد قاسمی اور موجودہ جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی فرخ آباد کا نام آئندہ ٹرم کے عہدہ صدارت کیلئے پیش کیا گیا، جس پر مولانا اسلام الحق اسجد نے کہا کہ اصل مقصد عہدہ نہیں بلکہ تنظیم کا کام ہے، سابقہ ٹرم کے انتخابی اجلاس میں حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کی موجودگی میں بھی ہمارا نام پیش کیا گیا تھا، ہم نے اس وقت بھی اپنا نام واپس لیا تھا اور آج بھی ہم اپنا نام واپس لیتے ہیں، اسی طرح مفتی ظفر احمد قاسمی نے عہدہ صدارت کیلئے اپنا نام واپس لیکر سید وزین احمد ہاشمی کی تائید کردی، جس کے بعد اراکین منتظمہ کی اتفاق رائے سے سید وزین احمد آئندہ تین سالہ ٹرم کیلئے جمعیۃ علماء وسطی اترپردیش کے صدر منتخب کرلئے گئے۔
 نائب صدور کیلئے جھانسی سے مولانا محمد عامل قاسمی، لہرپور سیتاپور سے مفتی عبد الرحمن مظاہری، ہردوئی سے مولانا عبدالجبار قاسمی اور فرخ آباد سے مولانا عبد الرب قاسمی فرخ آباد جبکہ خزانچی کیلئے کانپور سے سابق ریاستی صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی ؒ کے معتمد مفتی اظہار مکرم قاسمی کا نام منظور کیا گیا۔
اجلاس میں بحیثیت آبزرور موجود رہے جمعیۃ علماء یوپی کے صدر مولانا عبدالرب اعظمی نے جمعیۃ علماء وسط یوپی کی سکریٹری رپورٹ کو بہت ہی باآثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کا احسان ہے کہ اس نے ہمیں اور آپ کو جمعیۃ علماء ہند کے تحت جوڑ کر رکھا ہے۔ مولانا نے جمعیۃ علماء کے صدر اول مفتی اعظم ہند مفتی کفایت اللہ، مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی اور شیخ الہند مولانا حسین احمد مدنی ؒکا ذکرتے کرتے ہوئے بتایا کہ جمعیۃ علماء وہ جماعت ہے جس کی سرپرستی ہمیشہ سے اولیاء اللہ نے فرمائی ہے۔ جن کے تقویٰ اور طہارت پر پوری ملت کو ہر دور میں اتفاق رہاہے۔ مولانا نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی پالیسیاں قرآن وسنت کے مطابق رہی ہیں اور آج ہم اور آپ فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ انسانیت کی خدمت اور ملک و ملت کیلئے قربانیاں دینے کے معاملے میں آپ کی تنظیم کے سامنے ملک کی دیگر کوئی تنظیم ٹک نہیں سکی ہے۔ آج کے موجودہ حالات میں بھی ملک و ملت کو آپ کی قربانی کی سخت ضرورت ہے، ملک کے حالات کو پڑھئے، اپنی نسلوں، اولاد وں اور نوجوانوں، عورتوں میں ماؤں، بہنوں کے مستقبل کو پڑھئے، ان کے سامنے پیش آنے والے حالات کو سامنے رکھ کر لائحہ عمل تیار کیجئے اور آنے والے ٹرم کیلئے خاکہ بنائیے۔ آخر میں مولانا نے صدر، نائب صدور اور خزانچی کے منتخب ناموں کا اعلان کیا۔ مولانا عبد الرب اعظمی کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

اجلاس میں بطور خاص جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی، جمعیۃ علماء اترپردیش کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمد مدنی، جمعیۃ علماء یوپی کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی، جمعیۃ علماء یوپی کے سکریٹری مولانا کلیم اللہ قاسمی، مولانا اسلام الحق اسجد قاسمی لکھیم پور، مولانا عبدالمعید قاسمی فتحپور، مولانا نورالدین قاسمی کانپور، مولانا عمران شاہجہانپور، مولانا مطیع الحق انظر لکھنؤ، مولانا محمد کوثر ندوی، ڈاکٹر حلیم اللہ خان کا پور، مولانا کلیم احمد جامعی قنوج، مفتی سلمان قاسمی باندہ، مولانا شکیل الدین ندوی ہمیرپور، مولانا اظہار قاسمی کانپور دیہات، مولانا مختار عالم مظاہری اناؤ، حافظ سعید اختر بہرائچ، مولانا جمال قاسمی بارہ بنکی، قاری مجیب الرحمٰن ایٹہ، سید حسین احمد ہاشمی لکھنؤ، سید عبدالقدوس ہاشمی لکھنؤ سمیت مقتدر علماء و دانشوران موجود تھے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر