Latest News

ادارہ دعوۃ الحق مادھو پور میں اسلامک فقہ اکیڈمی کے دو روزہ فقہی سیمینار کا آغاز، افتتاحی نشست میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی سمیت سرکردہ علماء کی شرکت۔

ادارہ دعوۃ الحق مادھو پور میں اسلامک فقہ اکیڈمی کے دو روزہ فقہی سیمینار کا آغاز، افتتاحی نشست میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی سمیت سرکردہ علماء کی شرکت۔
سیتامڑھی: (نمائندہ خصوصی) اسلامک فقہ اکیڈمی (انڈیا) کے زیر اہتمام آج شام بعد نمازِ مغرب ادارہ دعوۃ الحق مادھو پور سلطان پور میں "ہندوستان کی دینی جامعات میں فقہ مقارن کی تعلیم.ضرورت واہمیت" کے عنوان پر دو روزہ فقہی سیمینار کا آغاز ہوا-
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ و اسلامک فقہ اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے صدارتی خطاب میں علماء کے مابین اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہل علم کی ذمے داریاں اب مزید بڑھ گئی ہیں عوامی سطح پر علماء کو آگے آنا ہوگا اور ملت کی صحیح رہبری کرنی ہوگی انہوں نے کہاکہ اسلامک فقہ اکیڈمی کا ایک طرح سے آغاز بہار سے ہی ہوا، شاذونادر چھوڑ کر میں ادارہ دعوۃ الحق مادھوپور میں اکیڈمی کے سیمینار کو بہار میں آغاز ہی سمجھتا ہوں. انہوں نے فقہ کے باریک مسائل پر جامع فکر انگیز خطاب کیا-
مشہور عالم دین مولانا ثمین اشرف قاسمی نےاستقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے فضلاء اور مفتیان کرام کی خاص نظر اجتہاد استنباط ادلہ شرعیہ سے استدلال کے آداب پر مرکز ہوں. آج کا یہ سیمینار ہندوستان کی دینی جامعات میں فقہ مقارن کی تعلیم ضرورت واہمیت کے عنوان اسلامک فقہ اکیڈمی نے منعقد کیا تاکہ ہمیں فقہی اسلامی اور فقہا کرام کی فقہی خدمات سے واقفیت ہو اور فقہ مقارن کی اہمیت معلوم ہونے کے ساتھ اسکی تدریس کے موثر طریقے سے واقفیت ہو- مولانا عتیق احمد بستوی استاذ حدیث وفقہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ نے کہاکہ ہمارےبزرگوں نے مختلف حالات میں دوسرے مسالک سے استفادہ کیا ہے. اس موضوع کے حوالے سے ہمارے طلبا کو جانکاری ہونی چاہیے.مولانا عبیداللہ اسعدی شیخ الحدیث جامعہ عربیہ ہتھوڑا باندہ نے فقہ پر مختصر مگر جامع خطاب کیا. انہوں نے کہاکہ امت کا اختلاف رحمت ہے. اسی ٹکڑے کا حوالہ دیکر انہوں نے پرمغزخطاب کیا. مولانا رزین اشرف ندوی شیخ الحدیث دارالعلوم نظامیہ صوفیہ پونہ نے بھی خطاب کیا اور کہا فقہ اسلامی چاہے وہ چاہے جن مسالک کا بھی ہو یہ تمام اسلامی فقہ ہیں. مقررین کے خطابات سننے سے فقہ کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے. ہمارے اکابرین کا سایہ ہمارے لیے قیمتی اثاثہ ہیں-
افتتاحی نشست کی صدارت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور نظامت مولانا صفدر زبیر ندوی انچارج شعبہ علمی اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا نے کی، ناظم ادارہ دعوۃ الحق مادھوپور مولانا لبیب اشرف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک فقہ اکیڈمی کے زیر اہتمام اس سیمینار کا انعقاد ادارہ میں ہوا ہے. مقالہ نگار اور علماء کی آمد ہوچکی ہے. سیمینار کماحقہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا ان شاء اللہ. علاقائی لوگوں کا جم غفیر ہے جبکہ علاقائی علماء کی سیمینار کیلئے خصوصی دلچسپی فقہ کے تئیں لگاؤ کا مظہر ہے، اس موقع مولانا عارف باللہ قاسمی، مفتی ثناء الہدی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ، قاضی محمد عمران قاسمی شیخ الحدیث دارالعلوم بالاساتھ، مفتی خالد نیموی بیگو سراۓ، مولانا منور سلطان ندوی استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، مولانا امتیاز قاسمی سمیت اطراف کے علماء کرام اور مقالہ نگار حضرات بڑی تعداد میں موجود رہے_

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر