Latest News

’آج پولنگ بوتھ جاکر لازمی طور پر ووٹر لسٹ میں اپنا نام چیک کریں‘ جمعیۃ علماء کی مہم پر ائمہ مساجد نے کی ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی اپیل۔

آج پولنگ بوتھ جاکر لازمی طور پر ووٹر لسٹ میں اپنا نام چیک کریں‘ جمعیۃ علماء کی مہم پر ائمہ مساجد نے کی ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی اپیل۔
کانپور: جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی نگرانی میں چلائی جا رہی ووٹر بیداری مہم کے تحت جمعہ کے روز شہر و اطراف شہر کی مساجد میں ائمہ مساجد نے عوام کو ووٹرلسٹ میں نئے ناموں کے اندراج، غلطیوں کی تصحیح اور دنیا سے جا چکے لوگوں کے نام فہرست سے ہٹوانے کے تعلق سے بیدار کرتے ہوئے انہیں آج مورخہ27/نومبربروز سنیچر کو پولنگ بوتھوں پر لگنے والے خصوصی کیمپوں میں جاکر لازمی طور پر اپنا کام کرانے کی ترغیب دی۔ 

مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے بتایا کہ جمعیۃ علماء کے قومی صدر مولانا سید محمود مدنی صاحب کے حکم پر پورے اتر پردیش میں جمعیۃ علماء اتر پردیش کی جانب سے ووٹر بیداری مہم چلائی جارہی ہے، جس کے تحت جن حضرات کا ووٹر لسٹ میں نام نہیں ہے، غلط درج ہوگیا ہے، شناختی کارڈ نہیں ہے، کھو گیا ہے یا خراب ہوگیا ہے، یا جن کی عمر 18/سال مکمل ہوگئی، ایسے تمام حضرات کو متوجہ کرکے ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا اندراج یا تصحیح کرانے کی اپیلیں اور حد درجہ ان کی مدد کی جا رہی ہے۔ مولانا نے بتایا کہ اس مہینے کی7، 13، 21اور 27تاریخ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ کے کاموں کیلئے خصوصی مہم چلائی گئی اور آج مورخہ27نومبر بروزسنیچرہے،آج کے دن پورے اتر پردیش میں پولنگ بوتھوں پر حکومت کی طرف سے بی ایل او موجود رہیں گے لہٰذا جن حضرات نے ابھی تک اپنے ناموں کا اندراج یا تصحیح کا کام نہیں کراسکے ہیں وہ ضرور اس کام کو انجام دے لیں۔اگر آپ کے پاس پہلے سے ووٹر آئی ڈی موجود ہے تب بھی آپ اپنے پولنگ بوتھ پر جاکر وہاں موجود بی ایل او سے ووٹر لسٹ مانگ کر اس میں نام کی جانچ ضرور کر لیں، حکومت کی مقرر کردہ تاریخ ختم ہو جانے کے بعدیہ کام انتہائی مشکل سے ہوتاہے۔ مولاناعبد اللہ قاسمی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت رہتے ہوئے بیدارہوجائیں سارے ضروری کام چھوڑ کر اندراج کا کام ضرور کروائیں۔مولانا نے صوبہ اترپردیش کے تمام اضلاع کے جمعیۃ کے عہدیداران واراکین سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ووٹر لسٹ میں اندراج کے کام کے لئے آمادہ کریں اور حتی المقدور اس کام میں ان کی مدد کریں۔
اس ضمن میں نماز جمعہ سے قبل مصلیان مسجد کے سامنے حق رائے دہی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے شہر کے ائمہ مساجد نے اسے اپنے بیان کا موضوع بنایا۔جامع مسجد لال بنگلہ کے امام وخطیب مولانا خلیل احمد مظاہری نے کہا کہ ووٹر کارڈ انڈین شہری ہونے اور حق رائے دہی کے لئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ الیکشن میں حصہ لیکر اپنا حق رائے استعمال کرنا جہاں ایک طرف بنیادی جمہوری حق ہے وہیں قومی دھارے سے جڑے ہونے کی واضح نشانی بھی ہے۔
مسجد جگن بتی مکھنیا بازار کے امام وخطیب مولانا محمد شفیع مظاہری نے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی اپیل کرتے ہوئے اس کام میں کسی بھی طرح کی کوتاہی و سستی کوسخت نقصاندہ قرار دیا۔
مسجد رسی والی کینٹ کانپور کے امام وخطیب مولانا نورالدین احمد قاسمی ومسجد مسافر خانہ کے امام وخطیب مولانا محمد اکرم جامعی نے کہا کہ ووٹرلسٹ میں ناموں کے اندراج کا کام اس وقت بلا کسی خرچ کے انتہائی آسانی کے ساتھ ہو رہا ہے۔ وقت نکل جانے کے بعد لاکھ کوششوں اور رقم خرچ کرنے کے باوجود یہ کام انتہائی مشکل ہوتاہے۔
مفتی عبد الرشید قاسمی نے کہا کہ اس جمہوری ملک میں ہمیں ووٹ دینے کا حق حاصل ہے، مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ ووٹر لسٹ میں ہمارا نام موجود ہو۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہوتی ہے کہ ہم ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرائیں، غلطیاں ہوں تو درست کرائیں۔مولانا محمد انیس خاں قاسمی مسجد رئیس باغ، مولانا امیر حمزہ قاسمی مسجد امان سردار پیچ باغ، مولانا محمد انعام اللہ قاسمی مسجد عیدگاہ کالونی، مولانا آفتاب عالم قاسمی امام وخطیب مسجد گاؤں والی مچھریا، مولانا انیس الرحمن قاسمی بابوپوروہ،قاری عبدالمعید چودھری، مولانا انصار احمد جامعی امام وخطیب مسجد محمودیہ اجیت گنج، حافظ عالمین مسجد ارماپور اسٹیٹ، مولانا محمد ارشد قاسمی چھوٹی مسجد شجاعت گنج، قاری شمشاد احمد شکلاگنج، مفتی اظہار مکرم قاسمی مسجد نور پٹکاپور، حافظ محمد ریحان پھول باغ، مولانا کلیم احمد جامعی جوہی لال کالونی، مولانا محمد عقیل جامعی ریل بازار، حافظ محمد رضوان میر پور، مولانا محمد ذاکر قاسمی امام مسجد یتیم خانہ، مفتی مقصود ندوی قلی بازار، مفتی محمد سعید خاں قاسمی جوہی نہریا، قاری نور الہدیٰ سنجے نگر جاجمؤ، مولانا محمد کوثر جامعی موتی نگر مولانا آفتاب عالم قاسمی مچھریا، مفتی سید محمد عثمان قاسمی بڑی مسجد گھنٹہ گھر،قاری مجیب اللہ عرفانی گڑریا محال، قاری انیس احمد صابری نے لوگوں کو متوجہ کرتے ہوئے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی اپیل کی۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر