Latest News

پبلک گرلز انٹر کالج میں یوم اطفال جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا، موجودہ درو کا المیہ یہ ہے کہ والدین کے پاس اپنے بچوں کے لئے وقت نہیں ہے: شاکرہ پروین

پبلک گرلز انٹر کالج میں یوم اطفال جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا، موجودہ درو کا المیہ یہ ہے کہ والدین کے پاس اپنے بچوں کے لئے وقت نہیں ہے: شاکرہ پروین
دیوبند:(فہیم صدیقی)
ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم آنجہانی پنڈت جواہر لعل نہرو کے یوم پیدائش کے موقع پر14نومبر کو دیوبند کے تعلیمی اداروں میں چلڈرن ڈے (یوم اطفال)نہایت جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا اور پنڈت نہرو کے رہنما اصول،بچوں سے ان کی محبت اور ہندوستان کی ترقی کے لئے کی جانے والی جد وجہداور کوششوں کو یاد کیا گیا۔اسی ضمن میں تعلیم نسواں کے قدیم عصری تعلیمی ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج دیوبند میں بھی ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔اس موقع پر بچوں نے اسکول کی عمارت کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا اور چھوٹے چھوٹے اسٹال لگائے۔

صفیہ گوھر نے طالبات کو یوم اطفال منانے کے مقصد اور پنڈت جواہر لعل نہرو کی تعلیمی،سیاسی اور ملک کے لئے ان کی خدمات کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔انہوں نے کہا کہ پنڈت جواہر لعل نہرو عظیم مجاہد جنگ آزادی تھے۔ 1947میں ملک کے آزاد ہونے کے بعد وہ اس ملک کے پہلے وزیر اعظم بنائے گئے ان ہی کی رہنمائی میں ہندوستان کا نیا آئین تیار ہوا جس کے بعد ہندوستان ایک مکمل جمہوری ملک بن گیا۔صفیہ گوھر نے طالبات کو بتایا کہ جواہر لعل نہرو بچوں سے بہت پیار کرتے تھے اور انہیں پھولوں کی مانند مانتے تھے ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ایک مالی باغ کی دیکھ بھال کرتا ہے اور پھولوں سے سارے چمن کو مہکائے رکھتا ہے اسی طرح ہمیں بھی بچوں کی پرورش کرنی چاہئے کیونکہ وہ اس ملک کے پھول اور مستقبل کا سرمایہ اور اس ملک کے معمار ہیں ان کے اسی پیار کی وجہ سے ہم ہر سال 14نومبر کو ان کے یومِ پیدائش کو یوم اطفال کے طور پر مناتے ہیں۔

اردو ٹیچر روبینہ شہزاد نے طالبات کو بتایا کہ پنڈت جواہر لعل نہرو ممتاز سیا ستداں ہونے کے ساتھ مفکر،مو ¿رخ،دانشور اور ادیب تھے ۔انہیں اردو زبان سے بیحد محبت تھی اسی لئے ان کی شادی کا دعوت نامہ اردو میں تیار کرایا گیا تھا۔خود جواہر لعل نہرو نے ایک انٹرویو کے دوران یہ بات بتائی تھی کہ اردو سیکھ کر نئی نسل کو کیا فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا تھا کہ اردو ایک اہم ترین اور مقبول زبان ہے جو کروڑوں لوگوں کی مادری زبان ہے اسلئے اس زبان کا جاننا نہایت ضروری ہے وہ کہتے تھے کہ اردو سے ہندی زبان کو بھی مالا مال کرنے میں مدد ملے گی۔

ادارہ کی ٹیچرز شاکرہ پروین،ساجد شمیم،شبانہ ذکی اور اسرار جنید نے یوم اطفال کی مناسبت سے مشترکہ اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوم اطفال منانے کا مقصد بچوں پر ہونے والے ظلم وتشدد کا خاتمہ،ان کی بہترین تعلیم وتربیت کا اہتمام،ان کی اچھی صحت کا خیال اور محنت طلب کاموں کے کرائے جانے پر قدغن لگانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیمی،معاشی اور معاشرتی ضروریات کے علاوہ نفسیاتی ضروریات بھی بڑی اہمیت کی حامل اور توجہ کی متقاضی ہیں لیکن موجودہ درو کا المیہ یہ ہے کہ والدین کے پاس اپنے بچوں کے لئے وقت نہیں ہے جبکہ زمانہ ¿ قدیم میں والدین اپنے بچوں کو وقت دیتے تھے اور ان کی اخلاقی وفکری تربیت کرتے تھے جس کی مدد سے بچوں کی نفسیاتی ضروریات پوری ہونے کے ساتھ تعلیمی تربیت بھی ہوجاتی تھی اس وقت اس سلسلہ میں ایک مرتبہ پھر بیداری لانے کی ضرورت ہے اس موقع پر طالبات کے علاوہ تمام ٹیچرز موجود رہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر