Latest News

معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے یوپی بورڈ کا بڑا قدم، پرائیویٹ اور سرکاری تعلیمی اداروں کو آپس میں ضم کرنےکا منصوبہ۔

معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے یوپی بورڈ کا بڑا قدم، پرائیویٹ اور سرکاری تعلیمی اداروں کو آپس میں ضم کرنےکا منصوبہ۔
دیوبند:(فہیم صدیقی) یوپی بورڈ سے منسلک سرکاری ،پرائیویٹ ،امداد یافتہ اور غیر امداد یافتہ ہائی اسکولوں وانٹر کالجوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی غرض سے حکومت اور یوپی بورڈ نے ماضی میں بہت سے اقدامات کئے ہیں۔اسی سلسلہ میں یوپی بورڈ اور حکومت نے حالیہ دنوں جو اہم قدم اٹھایا ہے اس کے تحت اب سرکاری تعلیمی اداروں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ضم کیا جائے گا۔تاکہ دونوں تعلیمی ادارے آپس میں مل کر اور ایک دوسرے کے یہاں موجود سہولیات کا استعمال کرکے بہتر تعلیمی اقدامات انجام دے سکیں۔

نئی قومی تعلیمی پالیسی آنے کے بعد تعلیمی اداروں کا تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لئے جو دوسرا قدم اٹھایا گیا ہے وہ یہ ہے کہ کوئی بھی تعلیم یافتہ یا ہنر مند شخص اب خدمتگار کی حیثیت سے تعلیمی اداروں سے منسلک ہوکر نئی نسل کو بہتر واعلیٰ معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے اور مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے معاونت کر سکے گا۔اس نئے اقدام کے تحت سبکدوش ہوجانے والے آفیسران ،کھیل کے میدان سے منسلک شخصیات اور ر یٹائر ہوجانے والے اساتذہ میں سے کوئی بھی اپنی خدمات پیش کر سکتا ہے۔لیکن خدمات پیش کرنے کے لئے پہلے خواہشمند شخص کو رجسٹریشن کرانا ہوگا اور ساتھ ساتھ یہ بتانا ہوگا کہ ان کا تعلق کس میدان سے ہے۔جس کی بنیاد پر ضرورت مند تعلیمی ادارہ ایسے افراد کو اپنے یہاں تدریسی خدمات انجام دینے یا اسپیشل کلاسز لینے کے لئے معمور کرسکیں گے۔اس فیصلہ کے اعلان کے بعد سے پورے ملک میں ہزاروں افراد اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے رجسٹریشن کراچکے ہیں۔اس تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔

وہیں دوسری جانب ضرورت مند تعلیمی اداروں کو مذکورہ خدمات حاصل کرنے کے لئے اپنی ضرورت سے متعلق پوری تفصیلات پیش کرنی ہوگی۔اس سلسلہ میں بھی 20ہزار سے زائد تعلیمی اداروں کی جانب سے ضروری خدمات طلب کی جاچکی ہیں۔کچھ اسکولوں میں اس طرح کی معاونت کا آغاز کردیا گیا ہے۔خود حکومت اس مہم میں تیزی لانے کی کوشش کر رہی ہے۔اور لوگوں سے آگے آکر اپنی خدمات پیش کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔حکومت کا ارادہ ہے کہ اس مہم کو بڑے شہروں اور قصبات کے علاوہ دیہی علاقوں میں بھی پہنچایا جائے تاکہ یہاں سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات بہتر واعلیٰ تعلیم سے مزین ہوسکیں۔عام طور سے پورے ملک میں تمام سرکاری تعلیمی اداروں کے پاس بہت اچھی عمارتیں ہیں لیکن تعلیم دینے کے ذرائع کا فقدان ہے۔جبکہ اعلیٰ معیاری تعلیم کے لئے تمام تعلیمی اداروں میں ضروری سہولیات کا ہونا لازمی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر