آدھار کو ووٹر کارڈ سے جوڑنے کی تجویز پر اسد الدین اویسی کو اعتراض، لوک سبھا میں دیا نوٹس۔
نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے انتخابی قانون ترمیمی بل کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس قانون کے تحت آدھار کو ووٹر آئی ڈی کے ساتھ لنک کرنے کی تجویز ہے۔ اویسی نے اس سلسلے میں لوک سبھا سکریٹریٹ کو نوٹس بھیجا ہے۔ اویسی نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ آدھار کو ووٹر آئی ڈی سے جوڑنے کی تجویز پرائیویسی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ لوک سبھا شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے سلسلے میں قانون بنانے کی مجاز نہیں ہے۔ اویسی نے اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا بھی حوالہ دیا ہے۔ نریندر مودی حکومت کی کابینہ نے انتخابی قانون ترمیمی بل 2021 کو منظوری دے دی ہے اور اسے آج لوک سبھا میں پیش کیا جانا ہے۔ اس بل کے تحت عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 اور عوامی نمائندہ ایکٹ 1951 میں تبدیلی کی تجویز ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹ میں تبدیلی اور جعلی ووٹنگ کو روکنے کے لیے آدھار کو ووٹر آئی ڈی کے ساتھ لنک کرنے کی تجویز ہے۔ فی الحال یہ سب کے لیے لازمی نہیں ہے۔
0 Comments