اجتماعیت کے شیرازے کو منتشر کرنے والوں کے لئے دنیا کی ناکامی اور اخروی ذلت ہے، جلسہ سیرت اولیاء واصلاح معاشرہ میں مفتی سید عفان منصورپوری۔
کانپور: اللہ کے مقرب بندوں کی توحید و سنت والی زندگی سے سبق حاصل کرنے اور ان کے مقام و منصب سے امت کو واقف کرانے، ملت کو امن و اتحاد کی دعوت دینے کے ساتھ اولیاء اللہ سے تعلق کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیلئے حضرت مولانا انوار احمد صاحب جامعی ؒ سابق صدر جمعیۃ علماء شہر کانپور و محبوب العلماء حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب قاسمیؒ سابق صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش کی یاد میں انجمن نوجوانان مدنی کرنیل گنج چھپیانہ کانپور کے زیر اہتمام عظیم الشان جلسہ سیرت اولیاء اللہ و اصلاح معاشرہ بزریہ چوک کرنیل گنج میں مسجد شیخ ہمایوں کرنیل گنج کے امام وخطیب مولانا حفیظ الرحمن اشرفی کی سرپرستی و جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدرمولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
جلسہ میں ہردوئی سے تشریف لائے خلیفہ محی السنہ مولانا شاہ افضال الرحمن قاسمی نے بتایا کہ تقویٰ کے بغیر اللہ کی دوستی نہیں ملے گی، پہلے ہم اپنے ظاہر وباطن کو پاک کریں، اپنے ذہن، اپنی فکروں، اپنے اعمال، اپنے اعضاء کو پاک کریں،اس کے بعد اللہ تعالیٰ ہمارے سروں پر ولایت کا تاج رکھ دیں گے۔ اسی کو متقی ہونا کہتے ہیں، تم متقی بن جاؤ اللہ تعالیٰ تمہیں خوب خوب نواز دے گا۔ مولانا نے بتایا کہ سب سے بنیادی چیز رسول اللہ ﷺ کی اتباع کرنا ہے،ہم یاد رکھیں کہ بغیر اتباع سنت کے کسی ولی کو مقام ولایت نہیں ملا ہے اور جس کو ولایت کا مقام ملا ہے اس کو رسول اللہ ﷺ کی اتباع کی بنیاد پر ہی مقام ولایت ملا ہے۔
مہمان خصوصی نبیرہ ئ شیخ الاسلام مولانا مفتی سید محمد عفان منصورپوری نے کہا کہ اللہ ہی کی عبادت کرو، اسی کو معبود، مشکل کشا اور حاجت روا مانواور اس کی للّٰہیت میں کسی کو ساجھی اور شریک قرار دینے والے مت بنو۔ مولانا نے قرآن کی آیات کا ترجمہ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کا کہنا ماننے والے بنو،اللہ کو راضی کرنا چاہتے ہو تو اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو،دینی تقاضوں پر مضبوطی سے عمل کرنے والے بنو اور آپس میں کسی طرح کے انتشاراور اختلاف کو ہوا دینے سے بچو، متحد اور متفق ہو کر دنیا کی اس مختصر سی زندگی کو گزار لو۔اگر آپسی لڑائی جھگڑا کرکے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے، سازشیں رچنے کا کام کروگے اور اپنی اجتماعیت کے شیرازے کو منتشر کرنے کرو گے تو اللہ کی نگاہ رحمت سے بھی گروگے، دنیا کی ناکامی بھی تمہارا مقدر بنے گی اور اخروی ذلت بھی تمہارا نصیب ہوگی۔
جلسہ میں موجود رہے مفتی عبد الرشید قاسمی نے موجود عوام کو جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی نگرانی میں چلائی جار ہی نشہ مخالف مہم کے بارے میں بتاتے ہوئے منشیات کے استعمال اور نشہ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بتایا۔ مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی صدارت میں منعقدہ اس جلسہ کا آغاز قاری مجیب اللہ عرفانی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ نظامت کے فرائض جمعیۃ علماء شہر کانپور کے نائب صدر مولانا محمد اکرم جامعی نے انجام دئے۔ قنوج سے تشریف لائے مفتی طارق جمیل نے نعت و منقبت کا نذرانہ عقیدت پیش کرسامعین کو محذوذ کیا۔ اس موقع پر جلسہ میں جمعیۃ علماء ہردوئی کے صدر مولانا عبد الجبار قاسمی، مولانا محمد شفیع مظاہری، قاری انیس احمد صابری، مولانا محمد قیصر جامعی، حافظ اسجد، حافظ ابرار، مفتی محمد دانش قاسمی،قاری آصف،شیخ محمد شعیب، سید حبیب الرحمن،عبدالر حمن کے علاوہ بڑی تعداد میں علماء، ائمہ اور عوام الناس نے شرکت کی۔شیخ محمد شعیب نے شریک اجلاس رہے تمام علماء، عوام اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔
سمیر چودھری
DT Network
0 Comments