Latest News

قرآن حکیم پوری کائنات کے لئے سرچشمہ ہدایت، جامع مسجد کلاں سہارنپور میں تکمیل تفسیر کے موقع پر منعقد تقریب میں مولانا فرید مظاہری کا خطاب۔

قرآن حکیم پوری کائنات کے لئے سرچشمہ ہدایت، جامع مسجد کلاں سہارنپور میں تکمیل تفسیر کے موقع پر منعقد تقریب میں مولانا فرید مظاہری کا خطاب۔
سہارنپور:(سمیر چودھری)
مولانا عیسٰی مظاہری کی تفسیر قرآن کی تکمیل کے موقع پر جامع مسجد کلاں سہارنپور میں بعد نمازجمعہ ’تقریب کلام اللہ ‘ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد عمل میں آیاہے، جس تقریب کی صدارت جامع مسجد کے منیجر مولانا فرید مظاہری نے کی اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا مفتی مقصود مظاہری نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا محمد محسن ندوی نے انجام دیئے۔تقریب کا آغاز مولانا عیسٰی مظاہری کی تلاوت وتفسیر سے ہوا۔ اس موقع پر مولانا فرید مظاہری نے کہاکہ قرآن پاک اللہ کا بابرکت کلام ہے اور یہ کلام پوری انسانیت کے لئے رشدو ہدایت کا ذریعہ ہے، اس میں ہرانسان کے لئے رہنمائی ہے زندگی کا کوئی گوشہ ایسا نہیں ہے کہ جس کی اللہ کے اس عظیم اور بابرکت کلام میں رہنمائی نہ ہو ۔اس لئے بلاتفریق مذہب وملت تمام انسانوں کو اس سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے جامع مسجد کی انتظامیہ کمیٹی کے حوالہ سے کہاکہ کمیٹی کے صدر مولانا حکیم عثمان قاسمی مدنی (مقیم مدینہ منورہ )کی قیادت میں انتظامیہ کمیٹی مسجد کی تعمیر وترقی میں اہم خدمات انجام دے رہی ہے۔

مہمان خصوصی مولانا مفتی مقصود مظاہری استاذ جامعہ مظاہر علوم سہارن پور نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہمارے شہر کی جامع مسجد میں فرض نمازوں کے بعد ایک طویل زمانہ سے تفسیر قرآن کا اہتمام کیاجاتا ہے بڑی خوشی کی بات ہے کہ آج ظہر کی نماز کے بعد دیئے جانےوالے تفسیری دروس کی تکمیل ہورہی ہے اس کے لئے مولانا فرید مظاہری مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ان کے حسن انتظام سے یہ بابرکت نظام چل رہاہے ہم سب باشندوں کو ان تفاسیر سے مستفید ہونا چاہئے ۔تقریب میں خصوصی طور پرشریک جامعہ رحمت کے ناظم وآل انڈیا ملی کونسل کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی اور جامعہ سید سلیمان ندوی کے ناظم مولانا محمد محسن ندوی و دیگر تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ 
انتظامیہ کمیٹی کے عہدہ داران واراکین میں مسعود بدر سکریٹری ،حاجی ایم شاہد زبیری ،حافظ محمد صالح ، ابوبکر شبلی ، محمد نعیم ،محمد احسان ،محمد مظفروغیرہ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں حاجی محمد عالم ڈپٹی چیف وارڈن ،حاجی بہار خاں، حاجی نواب، محمد عالم بخشی، محمد اقبال، حاجی اکبر خان، حاجی شمشیر ،ماسٹر محمود، محمد مرسلین ،شہزاد احمد ،محمد عارف خان ،اسرار احمد، اقرار احمد سمیت کافی تعداد میں اہلیان شہر شریک رہے۔

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر