Latest News

شاہ- یوگی کے پروگرام میں سرکاری مشینری کا کیاگیا غلط استعمال، منظورشدہ اسکولوں کی تنظیم نے کیا اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ۔

شاہ- یوگی کے پروگرام میں سرکاری مشینری کا کیاگیا غلط استعمال، منظورشدہ اسکولوں کی تنظیم نے کیا اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ۔
سہارنپور: (سمیر چودھری)
گزشتہ روز سہارنپور میں وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ اسٹیٹ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا گیاہے،اس مناسبت سے منعقد تقریب میں تمام سرکاری محکموں کو ملازمین کو پروگرام گاہ میں حاضرہونے کی ہدایت دی گئی تھی، حالانکہ انتظامیہ کا کہناہے کہ انتظامی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لئے یہ قدم اٹھایاگیا تھا لیکن اساتذہ اور ان کی تنظیموں میں انتظامیہ اور حکومت کے اس حکم نامہ کے تئیں شدید غم و غصہ پایا جارہاہے اور حکومت پر سرکاری مشینری کے غلط استعمال کاالزام عائد کیا گیاہے۔ 
اس سلسلہ میں منظورشدہ اسکولوں کی تنظیم’مانیا پراپت ودھالیہ شکشک سنَگھ‘ کے صوبائی صدر ڈاکٹر اشوک ملک نے پریس کو جاری اپنے بیان میں حکومت پر اس پروگرام کے لئے سرکاری مشینری کے غلط استعمال کا الزام عائد کیاہے۔ اشوک ملک نے اپنے بیان میں کہاکہ موجودہ حکومت نے بیسک ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے تقریباً 7500 ، سیکنڈری کے ڈھائی ہزار اساتذہ سمیت تقریباً دس ہزار شکشا متر وں کو وزیر داخلہ کے پروگرام میں ضروری طورپر شریک ہونے کاحکم دے کر سرکاری مشینری کاغلط استعمال کیاہے، اتنا نہیں بلکہ شکشامتروں کے علاوہ آنگن واڑی کارکنان اور آشا وغیرہ کے سمیت دیگر محکموں کے ملازمین کی بھیڑ جمع کرکے انتظامیہ نے حکومت کی نظر میں سرخروئی حاصل کرنے کی کوشش کی اور ان لوگوں کو بھیڑ کا حصہ بناکر ان کا غلط استعمال کیاگیاہے۔ 
انہوں نے کہاکہ نہ صرف اس ایک دن کا زبردست تعلیمی نقصان ہواہے بلکہ اساتذہ و ملازمین کی ڈھائی کروڑ روپیہ کی تنخواہ کا معاشی نقصان حکومت کو پہنچایا گیاہے۔ انہوں نے اس پورے معاملہ کی اعلیٰ سطح جانچ کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی پروگراموں میں سرکاری ملازمین بالخصوص اساتذہ کاغلط استعمال کیاگیاہے، جس کی ہم اعلیٰ سطح جانچ کامطالبہ کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ کے اس پروگرام کے مدنظر پورے ضلع کے تعلیمی اداروں کی تعطیل کردی گئی تھی اور تمام سرکاری اساتذہ کی حاضری پروگرام میں بنانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ جس کو لیکر اساتذہ میں خاصہ غصہ دیکھا گیا اور انہوں نے دبی زبان اپنے غصہ کااظہار بھی کیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر