Latest News

ملک کی آزادی میں مدارس اسلامیہ کا بنیادی کردار، مدرسہ ضیاءالقرآن گھاٹم پور کی جدید عمارت کے سنگ بنیاد کے موقع پر مولانا ظہور قاسمی خطاب۔

ملک کی آزادی میں مدارس اسلامیہ کا بنیادی کردار، مدرسہ ضیاءالقرآن گھاٹم پور کی جدید عمارت کے سنگ بنیاد کے موقع پر مولانا ظہور قاسمی خطاب۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
گنگوہ علاقہ کے موضع گھاٹم پورمیںواقع دینی ادارہ مدرسہ ضیاءالقرآن کی جدید عمارت کا سنگ بنیاد آ ج جمعیة علماءہند کے ضلع صدر و علاقہ کے مشہو ربزرگ مولاناظہور احمد قاسمی و دیگر علماءکے ہاتھوں رکھاگیا ،اس دوران علماءنے مدارس و مکاتب کے قیام کے ساتھ ان کے تعلیمی وتربیتی اور انتظامی نظام میں شفافیت اور بہتری لانے پر زور دیا۔
اس موقع پر منعقد دعائیہ تقریب میں مولانا ظہور احمد قاسمی نے مدارس اسلامیہ کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور کہاکہ ملک آزادی اور تعمیر و ترقی میں مدارس اسلامیہ اور علماءدیوبند کا بنیادی کردار ہے،آج مدارس اسلامیہ کے لئے آزمائش کا وقت آگیاہے، اسلئے مدارس کو مذہب اسلام کے بھائی چارے اور اتحادو اتفاق کے پیغام کو مزید عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ مدارس و مکاتب ہماری شناخت ہے ،ہمیں اپنے بچوں کو دینی تعلیم کی رغبت دینی چاہئے اور انہیںمدارس و مکاتب میں داخل کرانا چاہئے۔ا نہوں نے کہاکہ دنیوی تعلیم حاصل کرنے میں کوئی حرج نہیںبلکہ یہ وقت کی ضرورت ہے لیکن اس کے چکر میں علم دین کو نظر انداز کرنا بڑی غلطی ہے ،اسلئے آج ہی ہمیں اس بات کا پختہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم عصری علوم کے ساتھ اپنے بچوںکو دینی تعلیم ضرور دلائینگے۔ انہوں نے کہاکہ مدارس اسلامیہ کے سبب ہی آج مسلمان کا مذہبی تشخص برقرار ہے اسلئے ہمیںاہل مدارس کی قدر کرنی چاہئے اور حسب حیثیت ان کے تعاون کا خیال رکھنا چاہئے۔
اس موقع پر ادارہ کے مہتمم مولانا الطاف رشیدی نے مدرسہ کی جملہ کارگردگی پر مختصراً روشنی ڈالی اور بتایاکہ کافی وقت سے مدرسہ کے لئے جدید عمارت کی ضرورت محسوس ہورہی تھی،آج الحمداللہ علماءاکابرین کے ہاتھوں اس کی بنیاد رکھی گئی ،انہوںنے بتایاکہ اس مجوزہ جدید بلڈنگ میں آٹھ کمرے مع برآمدہ اور ایک مسجد کی تعمیر کی جائے گی ،انشاءاللہ۔
اس دوران مولانا ظہور قاسمی نے رقت آمیز دعاءکرائی۔ اس موقع پر مولانا محمد مصروف،مولانا دلشاد،مولانا محمد عارف سمیت دیگر علماءاور بستی و علاقہ کے لوگ موجودرہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر