Latest News

بی جے پی حکومت اقلیتی طبقات کے لئے فلاحی اسکیمیں چلارہی ہے، بی جے پی اقلیتی سیل کے سیمینار میں کنور باسط علی ا ور سابق رکن پارلیمنٹ صابر علی کااظہار خیال۔

بی جے پی حکومت اقلیتی طبقات کے لئے فلاحی اسکیمیں چلارہی ہے، بی جے پی اقلیتی سیل کے سیمینار میں کنور باسط علی ا ور سابق رکن پارلیمنٹ صابر علی کااظہار خیال۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
بی جے پی کے اقلیتی بہبود کے سیمینارکے دوران گزشتہ روز تمل ناڈو میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں سی ڈی ایس وپن راوت اور دیگر فوجی جرنیلوں کے شہید ہوجانے پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صوبائی صدر کنور باسط علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور صوبائی بی جے پی حکومتیں اقلیتوں کے لئے فلاح وبہبود کی اسکیمیں چلا رہی ہیں جس کا فائدہ راست طور پر اقلیتوں کو پہنچ رہا ہے۔
تفصیل کے مطابق جمعرات کے روز دیوبند ریلوے روڑ پر واقع ایک میٹنگ ہال میں منعقدہ بی جے پی اقلیتی سیمینار میں کنور باسط علی نے وہاں موجود افراد کو اعداد وشمار کی مدد سے اقلیتوں کو پہنچنے والے فائدوں کی تفصیلات بیان کیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم رہائشی اسکیم آواس یوجنا میں صوبائی سطح پر اقلیتوں کو 39فی صد ،بیت الخلاءکی تعمیر میں 22فی صد،اجولاءاسکیم میں 37فی صد اور قرض دئیے جانے کے معاملہ میں 30فی صد اقلیتی افراد کی حصہ داری رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاتفریق اقلیتوں کو سرکاری اسکیموں سے صد فی صد استفادہ کرنے کے مواقع دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اقلیتی طلبہ کو تقریباً6کروڑ روپے کی اسکالرشپ دی ہے اس کے علاوہ انہیں مین اسٹریم میں شامل کرنے کے لئے خصوصی پروگرام چلائے جارہے ہیں۔کنور باسط علی نے کہا کہ بی جے پی حق میں دیا گیا ووٹ نہ صرف اس ملک کی سر حدوں کو مضبوط کرےگا بلکہ پورے ملک اور اترپردیش کو فسادات سے پاک رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔
اقلیتی مورچہ کے قومی جنرل سکریٹری اور ممبر پارلیمنٹ صابر علی نے اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ بی جے پی کی گزشتہ حکومت کے دوران اٹل بہاری واجپائی نے اپنے دور اقتدار میں مسلمانوں کے لئے بہت سے کام کرے تھے ۔انہوں نے کہا گزشتہ 7سالوں سے موجودہ وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے ادھورے کاموں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔صابر علی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دوران اقلیتی طبقات کو عزت اور وقار عطاءکیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ راشن کی تقسیم اور ویکسنیشن دئیے جانے میں بھی مساوات سے کام لیا جارہا ہے اسلئے اقلیتوں کو چاہئے کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو مزید مضبوط بنانے کا کام کریں۔پروگرام کی نظامت کے فرائض فروز چوہان نے انجام دئیے اس دوران بی جے پی اقلیتی مورچہ کے سہارنپور کمشنری کے صدر سردار چنگ،ضلع صدر چودھری حیدر گوجر،مرتضی قریشی ،نعیم ملک،ماسٹر حنیف،فرزانہ انصاری،مرغوب انصاری اور عامل انصاری وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر