Latest News

مظفر نگر میں اکھلیش یادو اور جینت چودھری کی مشترکہ پریس کانفرنس، بی جے پی پر نشانہ، کسانوں سے وعدہ۔

مظفر نگر میں اکھلیش یادو اور جینت چودھری کی مشترکہ پریس کانفرنس، بی جے پی پر نشانہ، کسانوں سے وعدہ۔
مظفر نگر: سماج وادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادو آج مظفرنگر پہنچے اور انہوں نے راشٹریہ لوک دل کے رہنما جینت چودھری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس دوران اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے کچھ بھی کرسکتی ہے اس لئے ہمیں ان انتخابات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا اور الیکشن میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ 
اکھلیش یادو نے ریاست اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ انہیں بی جے پی نے پہلے ہی گھر واپس بھیج دیا ہے ، پہلے انہوں نے ایودھیا سے انتخاب لڑنے کے لئے ٹکٹ مانگاتھا اس کے بعد متھرا سے پھر پریاگ راج سے لیکن بی جے پی نے ان کی ایک نہیں مانی کیوں کہ اس مرتبہ بی جے پی کا ریاست اترپردیش سے صفایا یقینی ہے۔ انہوں نے کسانوں کو لے کر اپنا روڈ میپ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ پکے کسان ہیں اور وہ جینت چودھری کے ساتھ مل کر چودھری چرن سنگھ ،اجیت سنگھ اور ملائم سنگھ یادو کی وراثت کو آگے بڑھائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہاکہ یہ دونوں کسانوں کے بیٹے ہیں ، کسانوں کے حق کے لئے آخری وقت تک لڑیں گے، اس لئے میں جیب میں ایک پوٹلی لے کر چلتا ہوں، لال ٹوپی اور لال پوٹلی۔ یہ کسانوں کے حق میں انہیں ہرانے کے لئے عہدکرتاہوں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ میں چودھری چرن سنگھ کو ہمیشہ یاد کرتاہوں۔ انہوں نے جو راستہ دکھایا تھا، انہوں نے جو کسانوں کو مضبوط کرنے کے لئے قدم اٹھائے تھے اگر ہم ان پر چلتے رہیں گے تو کسان مضبوط رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ چودھری چرن سنگھ نے ہمیشہ کسانوں کو اقتصادی طور پر مضبوط کرنے کے لئے کام کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بابا ٹکیت اور ملائم سنگھ نے حکومتوں کو جگانے کا کام کیا، مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ آج جینت چودھری اور ہم لوگ اس وراثت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ اکھلیش یادونے کہا کہ یہ انتخاب جہاں کسانوں کا مستقبل طے کرے گا وہیں چودھری چرن سنگھ کی وراثت کو بھی آگے بڑھانے کا کام کرے گا جو کسانو ںکو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ہم نے کہا ہے کہ ہماری حکومت برسراقتدار آتی ہے تو ہم کسانوں کو بجلی مفت دیں گے اور ساتھ ہی 300یونٹ بجلی عام لوگوں کے لئے مفت ہوگی۔ آب پاشی کا معقول انتظام ہوگا ،گنے کی ادائیگی کے لئے کسانوں کو 15روز بھی انتظار نہیں کرنا پڑے گا ، اس کے لئے بجٹ میںاہتمام کیا جائے گا ، ہم ہمیشہ کسانوں کی لڑائی لڑتے رہیں گے ۔ مسلم امیدوار کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ یہاں گنگا جمنی تہذیب ہوتی ہے ،ہم انتقامی سیاست کو ختم کررہے ہیں،سوال یہ نہیں کہ کسے ٹکٹ ملا ہے کسے نہیں ہمیں متحد ہوکر ان طاقتوں سے لڑنا ہے ۔ نقل مکانی اور مظفرنگر فساد کے مسئلے پر معلوم کئے گئے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی ابھی بھی پرانے مسائل کو اٹھارہی ہے کیوں کہ ان کے پاس نیا کرنے کے لئے کچھ نہیں ہے، انہیں روزگار کے مسئلے پر جواب دیناچاہئے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کے پاس کوئی مدعانہیں ہے ا س لئے وہ ایک مرتبہ پھر نفرت کا ماحول پیدا کرکے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے مگر ان کا یہ کھیل اب چلنے والا نہیں ہے۔ 
راشٹریہ لوک دل کے رہنما جینت چودھری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بی جے پی مغربی اترپردیش کو جاٹ لینڈ کہتے ہیں، جبکہ ریاست ہریانہ کو وہ کیا مانتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تقسیم کی سیاست کرنا چاہتے ہیں وہ برادری واد کی بنیاد پر ہی لوگوں کو تقسیم کررہے ہیں، مذہبی منافرت پھیلاکر عوام کے اندر خوف پیدا کررہے ہیں ۔ جب کہ اس مرتبہ ان کی یہ سیاست کامیاب نہیں ہورہی ہے، مذہب کی بنیاد پر لوگو ںکو تقسیم کرنے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اس مرتبہ وہ اس میں بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر