خبر کا اثر- علامہ اقبال کی توہین کے لئے احتجاج کے بعد ’ریختہ‘ نے مانگی معافی۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
شاعر مشرق علامہ اقبال کے تعارف میں انتہائی نازیبا زبان کا استعمال کرنے کے لئے ریختہ نے معافی مانگ لی ہے اور اپنے قارئین اور مشیروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی مفید مشوروں سے نوازتے رہنے کی درخواست کی ہے۔ یہ خبر "دیوبند ٹائمز" نہایت اہمیت کے ساتھ شائع کی تھی۔
مذکورہ معلومات آج یہاں نوجوان شاعر ڈاکٹر کاشف شمیم نے دی ۔ ڈاکٹر کاشف اختر نے بتایا کہ اخبارات میں خبریں شائع ہونے اور سوشل میڈیا پر چلائی گئی مہم کا ’ریختہ‘ نے سنجیدگی سے نوٹس لیا اور اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت چاہی ہے۔
ڈاکٹر کاشف اختر نے بتایاکہ ’ریختہ‘ نے اپنی معذرتی تحریر میں لکھاہے کہ” اردو شعر و ادب کی عظیم شخصیات کے تعارف میں درج کی گئیں قابل اعتراض باتوں کے لئے ہم معذورت خواہ ہیں، ہمیں دکھ ہے کہ ان باتوں سے ہمارے قارئین کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،جیسے ہی ان شخصیات کے تعارف میں موجود یہ باتیں ہمارے علم میں آئی ہم انہیں خارج کردیاہے۔ ریختہ ویب سائٹ پر تعارف کے خانے میں اس طرح کے مواد کا در آنا در اصل اشاعت سے پہلے کے متن کو جانچنے اور پرکھنے کے سسٹم کی ایک کمزوری کا نتیجہ تھا، ہم اپنے قارئین کے مشوروں اور ان کے فیڈ بیک کو ہمیشہ مثبت انداز میں لیتے ہیں، یہ واقعہ بھی ہمیں اپنی ذمہ داریوں کے تئیں اور زیادہ حساس بناتاہے، زبان و ادب کے فروغ کے لئے مسلسل جاری اپنی کوششوں کے لئے ہم تمام اردو دوستوں کے مشوروں کے ہمیشہ منتظر ہیں“ ۔
ڈاکٹر کاشف اختر نے کہاکہ ہمارا احتجاج ’ریختہ‘ کے انتہائی غیر ذمہ داران قدم کے لئے تھا ،جس کو انہوں نے کھلے دل سے قبول کرکے اپنی غلطی تسلیم کی ہے اور امیدکرتے ہیں آئندہ بھی اس طرح کا کوئی عمل ’ریختہ ‘ کی جانب سے نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے ریختہ کی ادبی کاوشوں کی ستائش کی اور کہاکہ موجودہ دور میں ریختہ کی ادبی خدمات یقینی طورپر قابل تعریف ہے، لیکن اس قسم کے عمل قطعی طورپر ناقابل قبول ہے ،ہمیں امید ہے کہ آئندہ اس قسم کے عمل سے کلی طورپر اجتناب برتا جائیگا۔
DT Network
0 Comments