Latest News

گوڈسے کی فلم پر اسٹے کےلیے سپریم کورٹ میں عرضی، کانگریس کا پورے ملک میں پابندی کا مطالبہ۔

گوڈسے کی فلم پر اسٹے کےلیے سپریم کورٹ میں عرضی، کانگریس کا پورے ملک میں پابندی کا مطالبہ۔
نئی دہلی : ۳۰ جنوری کو مہاتما گاندھی کی یوم وفات پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم لائم لائٹ پر ریلیز ہونے والی فلم ’وہائی آئی کلڈ گاندھی‘ کی شوٹنگ پر پابندی لگانے کےلیے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے۔ سکندر بہل نے ایڈوکیٹ انوج بھنڈاری کے ذریعہ یہ رٹ داخل کی ہے۔ 

عرضی گزار کے مطابق اگر فلم کی ریلیز اور نمائش کو روکا نہیں گیا تو اس سے ملک کی شبیہ خراب ہوگی، ملک کا امن وامان بگڑے گا، اور دشمنی پیدا ہوگی۔ درخواست گزار کا استدلال ہے کہ فلم کا مقصد فرقہ وارانہ انتشار پیدا کرنا، نفرت پھیلانا اور امن کو خراب کرنا ہے۔درخواست گزار نے کہا ہے کہ کہ فلم ’’وائی آئی کلڈ گاندھی‘‘ کی ریلیز، اشاعت یا نمائش اور اس سے متعلقہ تمام مواد پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے۔ درخواست گزار نے کہا کہ اس حقیقت سے پریشان ہوں کہ فلموں کو بنا کسی پابندی، ضابطے، اصول یا مذمت کے اوٹی ٹی پلیٹ فارم پر عوامی طور سے دیکھنے کےلیے ابھارا جارہا ہے۔ 
عرضی گزار نے اوٹی ٹی پلیٹ فارم کے موثر اصول ضوابط کے قیام کی بھی درخواست کی ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ فلم ’’میں نے گاندھی کو کیوں مارا‘‘ مہاتما گاندھی کو بدنام کرنے اور ناتھورام گوڈسے کی تعریف کرنے کی کوشش ہے۔درخواست گزار کے مطابق فلم کے دو منٹ اور ۲۰سیکنڈ طویل ٹریلر میں مہاتما گاندھی کو تقسیم ہند اور پاکستان میں ہندوؤں پر ہونے والے مظالم کا ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس طرح مہاتما کے قتل کو جائز قرار دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ فلم کو سی بی ایف سی کی طرف سے کلیئر نہیں کیا گیا ہے اور وہ سیدھا اوٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کے لیے پیش کی جارہی ہے۔
دریں اثنا اس متنازعہ فلم کے تعلق سے مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے آج کہا ہے کہ وہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے گزارش کریں گے کہ اس فلم پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لیے یہ بات ناقابل قبول ہے کہ مہاتما گاندھی کے قاتل کو ایک ہیرو کے طو رپر پیش کیاجائے۔ پٹولے نے مزید کہاکہ ساری دنیا میں ہندوستان گاندھی اور گاندھی کے عدم تشدد کے نظریات کی وجہ سے جاناجاتا ہے، کانگریس پارٹی اس فلم کی نمائش کی مخالفت کرے گی اور وزیر اعلیٰ سے درخواست کرے گی کہ مہاراشٹر میں اس پر پابندی لگائی جائے۔ آج ہی آل انڈیا سنے ورکرس ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ اس فلم پر مکمل طور پر پابندی لگائی جائے، کیوں کہ اس میں غدار اور قاتل گوڈسے کو ہیرو بناکر خراج عقیدت پیش کی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن نے خط میں لکھا ہے کہ گاندھی جی کا سارا ہندوستان پوری دنیا عزت واحترام کرتی ہے وہ محبت اور قربانی کی علامت ہیں۔ یہ فلم وہائی آئی کلڈ گاندھی ۳۰ جنوری گاندھی جی کی شہادت کے دن لائیو لائٹ او ٹی ٹی پر نمائش کےلیے پیش کی جانی ہے۔ واضح رہے کہ اس فلم میں این سی پی کے ایم پی امول کولہے نے گوڈسے کا کردار ادا کیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر