Latest News

ویکسین کے تئیں بیداری پیدا کرنے پر ڈی ایم نے دیا زور، ضلع کے سرکردہ علماءاور دانشوران کی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی۔

ویکسین کے تئیں بیداری پیدا کرنے پر ڈی ایم نے دیا زور، ضلع کے سرکردہ علماءاور دانشوران کی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی۔
سہارنپور:(سمیر چودھری)
ملک میں ایک مرتبہ پھر تیزی سے بڑھتے ہوئے وبائی امراض کی روک تھام کے لئے ضلع انتظامیہ مسلسل کوشاں ہے، جہاں ویکسی نیشن مہم میں تیزی لائی جارہی ہیں وہیں سماجی بیداری پر زور دیا جارہاہے۔
اس سلسلہ میں آج ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ نے علماءاور دانشوران کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کورونا کی روک تھام کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جامع مسجد سہارنپور کے منیجر مولانا فرید مظاہری نے کہا کہ بیماری چاہے جو بھی ہو ہمیں اسے سنجیدگی سے لینا چاہئے اور افواہوں سے گریز کرتے ہوئے اس سے حفاظت اور بچاو کے لئے تمام ممکنہ طریقوں کو اختیار کرناچاہئے۔ انہوں نے ویکسین لگوانے پر زور دیتے ہوئے عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ ماسک کے ساتھ سوشل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھیں ۔انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ جمعیة علماءٹیکہ کاری مہم میں انتظامیہ کے ساتھ ہے اور اس سلسلے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے بھرپور کوشش کرے گی ۔
قاضی ندیم اخترشہر قاضی سہارنپور نے کہا کہ ٹیکہ لگوانا ہر کسی کا اپنا ذاتی فیصلہ ہے جسکے لئے کسی کو مجبور نہیں کیا جاتا،البتہ کورونا کی تیسری لہر کے دوران اس وبا کا اثر پھر سے کافی بڑھتا نظر آرہا ہے۔ لہٰذا اگر حکومت ویکسین کی سہولت مہیا کرارہی ہے تو حالات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تذبذب کا شکار ہوئے بغیر ہر کسی کو ٹیکہ لگوانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ تجربات کی روشنی میں کہا جاسکتا ہے کہ یہ ویکسین لگوانے میں کوئی خطرہ نہیں ہے اور ہم سب کو مل کر اس مہم کو اپنے ضلع میں تیز کرنے کے لئے اپنا تعاون پیش کرنا چاہیے۔
مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی ضلع صدر آل انڈیا ملی کونسل سہارنپورنے کہا کہ اس بیماری سے تحفظ کے لےئے ویکسین لگوانا ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ ویکسین کے حوالہ سے کچھ افواہوں کے باعث لوگ تذبذب کا شکار ہیں اور وہ ویکسین لگوانے سے کنارہ کشی اختیار کرتے دکھ رہے ہیں،اسی لئے ہمارے علاقوں میں ٹیکہ کاری فی صد کم ہے۔ہمیں ان افواہوں کو دور کرنے کے لئے ضروری قدم اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیکہ کاری میں تیزی آئے۔انہوں نے کہاکہ ملی کونسل سہارنپور اس ٹیکہ کاری مہم میں لوگوں کو بیدار کرنے میں انتظامیہ کا بھرپور تعاون کریگی۔
ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ نے کہا کہ سبھی کو مل کر کورونا کو ہرانا ہے ، آپ سب لوگ اپنے اپنے علاقوں میں بیداری مہم چلاکر ضلع میں صد فیصد ٹیکہ لگوانے میں تعاون کریں۔ 
میٹنگ میں مولانا ساجد نائب صدر جمعیة علماء سہارنپور،گیاننیدر سنگھ نگرآیکت،ڈاکٹرسنیل ورما سی ایم او،ڈاکٹر سینی زونل آفیسر اور ڈاکٹر کلیم ایم ڈی کے علاوہ مولانا احمد مظاہری ،شیر شاہ اعظم،حافظ اویس تقی، مولانا شمشیر الحسینی، ڈاکٹر چاند خان، مولانا حارث مظاہری،مولانا غیور مظاہری،مولانا عبدالرحمن، حافظ سعید،حاجی عرفان، مولانا دلشاد مظاہری، مولانا فضیل مظاہری، قاری شمیم، مفتی عمیر،عارف خان، مولانا عارف رشیدی اور مولانا واصف رشیدی شامل رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر