دیوبند میں سماج وادی پارٹی نے آخری وقت میں کارتکیہ رانا کا ٹکٹ کاٹ کر معاویہ علی کو بنایا امیدوار۔
دیوبند: دیوبند اسمبلی سیٹ پر سماج وادی پارٹی نے آخری وقت میں بڑی ردوبدل کرتے ہوئے اعلان کردہ امیدوار کارتکیہ رانا کا ٹکٹ کاٹ کر سابق ایم ایل اے معاویہ علی پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہیں دیوبند سے ایس پی امیدوار بنایا ہے۔ اگرچہ پارٹی کی جانب سے ابھی تک اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم اس کی اطلاع معاویہ علی نے فیس بک پر دی ہے، جس کے بعد ان کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور کارکنوں نے محلہ دیوان میں واقع ان کی رہائش گاہ پر مٹھائیاں تقسیم کیں اور خوشی کا اظہار کیا۔
معاویہ علی کے ٹکٹ کی اطلاع ملتے ہی محلہ دیوان میں جشن کا ماحول ہے اور ان کے حامی ڈھول کے ساتھ اکھلیش یادو زندہ باد اور معاویہ علی زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔
بتادیں کہ پیر کو لکھنؤ سے جاری فہرست میں سماج وادی پارٹی نے کارتیکیہ رانا کو دیوبند اسمبلی سے اپنا امیدوار بنایا تھا اور انہوں نے اپنا پرچہ نامزدگی بھی داخل کیا تھا، جس کے بعد ٹکٹ تبدیلی کے امکانات بہت کم دکھائی دے رہے تھے، لیکن بدھ کو یوم جمہوریہ کے موقع پرمعاویہ علی کے حامیوں کو دوہری خوشی کا موقع ملا اور جیسے ہی انہیں لکھنؤ کے سابق ایم ایل اے کے ذریعہ فون پر ٹکٹ ملنے کی اطلاع ملی، حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ معاویہ علی کو ٹکٹ ملنے اور کارتکیہ رانا کو ٹکٹ کٹنے کی بحث سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ دیوبند سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ کی اہم دعویداروں میں معاویہ علی تھے، لیکن اکھلیش یادو کے کارتک رانا کے نام کا اعلان کے بعد معاویہ علی کے حامیوں میں کافی مایوسی پھیل گئی تھی، لیکن اب ایک بار پھر دیوبند سے معاویہ علی کو ٹکٹ ملنے کی خبر سے حامیوں کے چہرے کھل اٹھے۔
سمیر چودھری۔
0 Comments