اکھلیش یادو سے ملاقات کے بعد دور ہوئے عمران مسعود کے گلے شکوے، کہا الیکشن نہیں لڑوں گا۔
لکھنؤ/سہارنپور: ایس پی سربراہ اکھلیش یادو سے آج ایک بار پھر ملاقات کے بعد قد آور لیڈر عمران مسعود کا لہجہ نرم پڑ گیا ہے۔ تمام شکایات دور کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری پارٹی سے کوئی ناراضگی نہیں ہے، میڈیا میں من گھڑت طریقے سے جھوٹی خبریں پھیلائی گئی ہیں۔ عمران مسعود نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی سیٹ سے الیکشن نہیں لڑیں گے، لیکن ایس پی امیدواروں کو پوری طاقت سے الیکشن لڑائیں گے۔
جمعرات کو عمران مسعود نے ایک بار پھر لکھنؤ میں اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد عمران مسعود نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی سیٹ سے الیکشن نہیں لڑیں گے اور پارٹی قیادت کی جانب سے دی گئی ذمہ داری پوری کریں گے۔ عمران مسعود نے نیوز 18 سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سماج وادی پارٹی سے کوئی ناراضگی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ میں الیکشن نہ لڑوں، میں نے اس فیصلے کو قبول کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سماج وادی پارٹی کو کامیاب کرانے میں اپنا کردار ادا کروں گا۔
دوسری پارٹیوں میں جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے انہیں افواہ قرار دیا اور کہا کہ میڈیا نے یہ خبریں من گھڑت طریقے سے چلائی ہیں، مجھے ایس پی سے کوئی ناراضگی نہیں ہے اور نہ ہی میں نے کسی اور پارٹی میں جانے کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کو نہیں کہا کہ میں کسی اور پارٹی میں جاؤں گا، یہ سب نیوز چینلز کی خبریں ہیں، نیوز چینلز چلاتے رہتے ہیں اور لوگ اس پر تبصرے کرتے رہتے ہیں۔ عمران مسعود نے وائرل ہونے والی ویڈیو پر بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی سیاسی یا انتخابی مسئلہ نہیں تھا بلکہ یہ مقامی مسئلہ تھا جس پر وہ ویڈیو منظر عام پر آئی۔
اکھلیش یادو سے ایک بار پھر ملاقات کر کے عمران مسعود نےتمام شکوے دور کر دیئےہیں، اس سے جہاں نیتا جی کا سمان برقرار رہے گا، وہیں انتخابات میں سماج وادی پارٹی کو بھی اس کا فائدہ پہنچے۔
بتا دیں کہ نیتا جی کو گزشتہ دس دنوں میں اپنی زندگی کے سب سے بڑے سیاسی بحران سے لڑتے ہوئے دیکھا گیا ہے، لیکن امید کی جانی چاہیے کہ اب ان کے اچھے دن ایک بار پھر شروع ہوں گے۔
سمیر چودھری۔
0 Comments