Latest News

’زہریلے سوامی‘ کی فوج کو ا ُکسانے کی زہریلی کوشش اتواریہ: شکیل رشید

’زہریلے سوامی‘ کی فوج کو ا ُکسانے کی زہریلی کوشش 
اتواریہ: شکیل رشید 
سوامی پربھودھا نند گِری ایک انتہائی ’زہریلا آدمی‘ ہے۔ 
یہ وہی سوامی ہے جس نے ہریداور کے دھرم سنسد میں لوگوں کو مسلمانوں کی نسل کشی کےلیے اکساتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میانمار کی طرح یہاں کے لیڈر، فوج او رہندو ہتھیار اُٹھالیں‘‘۔ زہریلے سوامی کا یہ بیان صرف اس لیے خطرناک نہیں ہے کہ اس نے لیڈروں اور ہندوئوں کو ہتھیار اُٹھانے کےلیے اُکسایا ہے، خطرناک اس لیے ہے کہ اس نے فوج کو بھی اُکسایا ہے۔ اور پولس کو بھی۔ جہاں تک لیڈروں کا تعلق ہے تو زعفرانی لیڈر پہلے ہی سے ہتھیار اُٹھانےکےلیے تیار ہیں ، اور رہے ہندو تو وہ ہندو جو ذہن سے سنگھی ہیں زعفرانی لیڈروں کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔ پولس کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جسے فرقہ پرستی کے عفریت نے جکڑ لیا ہے، لیکن فوج پر آج بھی لوگ بھروسہ کرتے ہیں۔ ہاں کشمیر وغیرہ کے علاقے  میں ان سے زیادتیاں ہوئی ہیں، لیکن لوگ بحری، بری اور فضائی افواج پر آج بھی پولس کے مقابلے کہیں زیادہ بھروسہ کرتے ہیں۔ اور یہ زہریلا سوامی فوج کو ہی فرقہ پرستوں کی صف میں کھڑا کرنے کےلیے اشتعال انگیزی کررہا تھا۔ کہہ رہا تھا کہ جیسے میانمار میں فوج نے مسلمانوں کے خلاف ہتھیار اُٹھایا تھا ویسےوہ بھی اُٹھالیں ۔ اگر یہ کہا جائے کہ سنگھی ٹولے سے تعلق رکھنے والا یہ زہریلا سوامی ملک کی فوج کو فرقہ پرستی کی سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کررہا تھاتو غلط نہیں ہوگا۔ 
اس ملک کے زعفرانی لیڈر، سنگھی اور بھاجپائی تو من سے یہ چاہتےہی ہیں کہ پوری پولس فورس اور ساری افواج فرقہ پرستی کے بھگوے رنگ میں رنگ جائیں۔ اس کی کوشش عرصے سے جاری ہے۔ فوج کے کئی اعلیٰ  سابق افسر ان کو بی جے پی نے اپنے جال میں پھنسایا بھی ہے۔ زہریلے سوامی کا بیان اسی طرح کی کوشش کا ایک حصہ ہے۔ لیکن اس ملک کے سابق فوجی سربراہان او راعلیٰ افسران نے اس زعفرانی ٹولے کی مذمت کرکے انہیں یہ سمجھا دیا ہے کہ یہ کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ یہ سابق فوجی افسران حقائق سے خوب واقف ہیں۔ انہیں خوب اندازہ ہے کہ اگر ملک میں خون خرابہ ہوا، خانہ جنگی چھڑی تو یہ ملک نہ سالم رہ سکے گا او رنہ ہی مستحکم۔ وہ سرحدوں کے حالات سے خوب واقف ہیں، انہیں ملک کو درپیش خطروں کا بھی خوب اندازہ ہے، وہ نہیں چاہتے کہ ملک کی سالمیت خطرے میں پڑے، اس لیے وہ فرقہ پرستوں ، متعصبوں اور نسل پرستوں کے خلاف یکجٹ ہوئے ہیں۔ ان کے جذبے کی قدر کی جانی چاہئے۔ یہ ملک ایسے لوگوں کی وجہ سےہی سالم اور محفوظ ہے، ورنہ یہ زعفرانی ٹولہ کب کا ملک کو اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھاچکا ہوتا۔ سابق فوجی سربراہان اور افسران او ربیور و کریٹوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر