Latest News

دیوبند کی ہونہار بیٹی نے اردو میں حاصل کی ممتاز کامیابی، یوپی کی گورنر نے گولڈ میڈل اور تہنیتی مکتوب دے کر کی حوصلہ افزائی۔

دیوبند کی ہونہار بیٹی نے اردو میں حاصل کی ممتاز کامیابی، یوپی کی گورنر نے گولڈ میڈل اور تہنیتی مکتوب دے کر کی حوصلہ افزائی۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
دیوبند کی ہونہار بیٹی علمہ کو ایم اے اردو میں 79فیصد نمبرات حاصل کرنے پر چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میرٹھ کے تعلیمی سال 2020-21 کے لئے ”مولانا عرشی گولڈ میڈل “کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ 
اس مناسبت سے منگل کے روز یوپی کی گورنر آنندی بین پٹیل نے علمہ کو ایک مکتوب بھیج کر اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور طالبہ کو روشن مستقبل کی دعائیں دیں۔ دیوبند میں محلہ پٹھانپورہ کی طالبہ علمہ دختر محمد عمران نے چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میرٹھ سے تعلیمی سال 2020-21 میں اردو مضمون میں ایم ا ے فائنل میں 79 فیصد نمبرات لیکر امتیازی پوزیشن حاصل کی ہے۔ جس کے لئے انہیں مولانا عرشی گولڈ میڈل کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔ 
علمہ نے اپنی اس کامیابی پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے اہل خانہ نے مجھے تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کیے ہیں اور میں سبھی والدین سے یہی درخواست کرتی ہوں کہ اپنی بچیوں کو اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔
واضح ہو کہ اس سے قبل علمہ کو دسمبر میں منعقدہ 33ویں کنونشن پروگرام کے دوران ”وی سی گولڈ میڈل“اور امتیازی توصیفی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ 
علمہ یونیورسٹی کی ریگولر طالبہ ہے اس کی اس بڑی کامیابی پر اس کے اہل خانہ اور اساتذہ کے علاوہ دیوبند کی تعلیمی، سماجی اور دیگر معزز شخصیات ڈاکٹر نواز دیوبندی، کمل دیوبندی، عبد اللہ عثمانی، عبد اللہ راہی، ڈاکٹر عبید اقبال عاصم، عبد الرحمن سیف، ذکی صدیقی، ماسٹر شمیم کرتپوری، تنویر اجمل، نبیل مسعودی، ڈاکٹر رحمت،ڈاکٹر انور سعید، نوشاد عرشی، نجم احمد،شاہ فیصل مسعودی، محمد اسعد، ضرار بیگ، منصر عظیم، خورشید احمد، زینب زبیری، شہیلہ راحت، کہکشاں، شہناز اور چاندنی وغیرہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے علمہ کے روشن مستقبل کی دعائیں دی ہیں۔

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر