مولانا ولی الدین "ولی شمالی" مجلس احرار اسلام پنجاب کے جنرل سیکریٹری منتخب۔
احرار تاج ختم نبوت کی حفاظت کا فریضہ ہمیشہ انجام دیتے رہیں گے۔ مولانا عثمان رحمانی لدھیانوی۔
لدھیانہ: مجلس احرار اسلام ہند کی پنجاب یونٹ کو منظم و مربوط کرنے کے مقصد سے نئی یونٹ میں توسیع کرتے ہوئے مجلس احرار اسلام ہند کے قومی صدر حضرت مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے احرار کی پنجاب یونٹ کے لیے نوجوان قلم کار مولانا ولی الدین ولی شمالی مہتمم مدرسہ دعوت الایمان راجپورہ ضلع پٹیالہ پنجاب کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی صدر مجلس احرار اسلام ہند نے کہا کہ نوجوانوں کی ذمے داری ہے کہ وہ تاج ختم نبوت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی حفاظت کے لیے احرار کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوں تاکہ قیامت تک خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے تاج ختم نبوت کی حفاظت کی جا سکے۔ احرار اس خدمت کو اپنا فرض منصبی سمجھتے ہوئے ہمیشہ انجام دیتے رہیں گے۔ ملک کی بقا و سالمیت اور قیام امن کے استحکام کے لیے احرار نے جس طرح جد و جہد آزادی میں سرگرم رول ادا کیا تھا وہ اسی طرح ہر موقع پر ملت اسلامیہ کی بقا و تحفظ کے لیے بھی متحدہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے کہا کہ مجلس احرار اسلام ہند کے علمبردار حضرت مولانا حبیب الرحمٰن لدھیانوی کی خدمات اور احرار کی قربانیوں سے جو لوگ واقف ہیں انہیں معلوم ہے کہ گرمئی احرار سے انقلاب ہمیشہ آتے رہے ہیں۔ یہ وقت ملک کو ایک منفرد لب و لہجہ کے ساتھ آگے لے جانے کا ہے یہاں قابلیت اور صلاحیت کے ذریعے افراد سازی کرنا ضروری ہے تاکہ قوم کا مستقبل محفوظ ہو اور صحیح اسلامی تعلیمات سے عوام کو واقف کرایا جا سکے۔
نو منتخب جنرل سیکرٹری مجلسِ احرار پنجاب مولانا ولی الدین ولی شمالی نے کہا کہ مجلس احرار کے بینر تلے مختلف مواقع پر جو عوامی تحریکات اور انقلابی کارنامے انجام دئیے جاتے ہیں ان کو عوام تک پہنچانا ہم سب کی ذمے داری ہے۔ اس موقع پر ترجمان احرار اسلام ہند محمد مستقیم ، مجلس احرار ہریانہ کے صدر قاری سعید الزماں خضرآبادی، قاری مہتاب عالم قاسمی دہلی، مفتی محمد زاہد دہلی، شاہنواز احراری، قاری علی احمد کریمی وغیرہ موجود تھے۔
مجلس کی موہالی یونٹ کا انتخاب۔
مجلس احرار کی ضلع موہالی یونٹ کا انتخاب یہاں مجلس احرار کے صدر دفتر میں صدر مجلس احرار حضرت مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی کی موجودگی میں عمل میں آیا۔ جس میں اتفاق رائے سے صدر احرار کی موجودگی میں قاری علی احمد کریمی کو ضلع موہالی کا صدر، جبکہ بابو خان، حبیب محمد، سلیم احمد بنوڑ اور محمد عمران کو نائب صدر۔ محمد زُلف کو جنرل سیکرٹری اور شرافت علی زیرکپور کو معاون جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر نو منتخب عہدیداران کو مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے احرار کے پیغام کو عام کرنے کی ذمےداری یاد کرائی اور ملت کی فلاح وبہبود اور ملک کی بقا و سالمیت کے لیے ہمہ تن کوشاں رہنے کی امید ظاہر کی۔
0 Comments