Latest News

تسمیہ جونیئر ہائی اسکول کا 30واں سالانہ جلسہ منعقد، قوموں کے عرو ج وزوال کا تعلق خالصتاً تعلیم سے ہے۔پروفیسر ڈاکٹر افروز الحق۔

تسمیہ جونیئر ہائی اسکول کا 30واں سالانہ جلسہ منعقد، قوموں کے عرو ج وزوال کا تعلق خالصتاً تعلیم سے ہے۔پروفیسر ڈاکٹر افروز الحق۔
دیوبند: (فہیم صدیقی)
معروف عصری تعلیمی ادارہ تسمیہ جونیئر ہائی اسکول میں 30ویں سالانہ جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کی صدارت تسمیہ آل انڈیا ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ایس فاروق نے انجام دی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر ہندوستان میں بوسنیا کے سفیر محمد چینگیس نے شرکت کی اور مہمان ذی وقار کی حیثیت سے امپھال یونیورسٹی منی پور کے چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افروز الحق موجود رہے۔
سالانہ جلسہ کا آغازاسکول کے طالب علم محمد جنید کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کا اردو وانگریزی میں ترجمہ باالترتیب طالبات مہوش اور علینہ مہربان نے پیش کیا ۔بعد ازاں محمد عظیم نے اپنی پرسوز آوازمیں نعتِ نبوی پیش کی۔اس موقع پر مہمانان کرام کا پھولوں کا گلدستہ اور نشان اعزاز دیکر شاندار استقبال کیا۔اسکول کے پرنسپل جاوید مظہر نے سالانہ رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ تعلیمی کار کردگی 2021-22کی تفصیلات پیش کیں جس کے بعد مہمانان کرام کے بدست اسکول کی میگزین ”نور“ کے پندرہویں ایڈیشن کا اجراءکیا گیا۔
رسم اجراءکے بعد پروگرام کے صدر ڈاکٹر ایس فاروق نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ وطالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ کردار سازی پر بھی توجہ دینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ والدین اور بہن بھائیوں کے حقوق کے علاوہ معاشرے کے تئیں بھی ہمارے کچھ حقوق ہیں اسلئے تعلیم کے حصول کے ساتھ معاشرے کی بھلائی اور بہتری کے لئے خدمات انجام دیں۔
پروگرام کے مہمان خصوصی اور بوسنیا کے سفیر محمد چینگیس نے اپنی شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس پروگرام میں شریک ہوکر بہت اچھا محسوس کررہے ہیں۔انہوں نے طلبہ وطالبات سے سخت محنت کرنے اور تعلیم پر پوری توجہ رکھنے پر زور دیا۔ امپھال یونیورسٹی کے چانسلر مہمان ذی وقار پروفیسرڈاکٹر افروز الحق نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ قوموں کے عرو ج وزوال کا تعلق خالصتاً تعلیم سے ہے اسلئے تمام بچے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مقصد کو سامنے رکھ کر تعلیم کے لئے سخت محنت اور جد وجہد کریں۔اس سے قبل تسمیہ جونیئر ہائی اسکول کے طلبہ وطالبات نے بہترین ثقافتی پروگرام پیش کئے جس کے تحت چھوٹے بچوںنے نغمے وگیت،اساتذہ کے لئے خصوصی نغمات کے علاوہ ڈرامے اور مقالے پیش کئے۔بچوں کی جانب سے پیش کردہ ڈرامہ ”میرے پاپا“نے تمام حاضرین کو جذباتی کردیا،ثقافتی پروگرام کے علاوہ بچوں نے خوبصورت اسٹال بھی لگائے۔

پروگرام کے آخر میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات صالحہ،ام حبیبہ،عائشہ،اسعد صدیق،صوفیہ اور صوبیہ تبسم کوٹرافی ،سر ٹیفکیٹ اور ایک ایک ہزار روپے کے چیک بطور حوصلہ افزائی دیئے گئے۔اسی طرح کھیلوں میں شاندار کار کردگی پیش کرنے والے طلبہ وطالبات فیضان، التمش، حمیرہ، ایان، ادینہ، سدرہ اور صوفیہ وغیرہ کو بھی سر ٹیفکیٹ اور ٹرافی دی گئیں۔ بعد ازاں مہمان کرام نے آرٹ وکرافٹ کی نمائش کے ساتھ کھانے کے اسٹال وغیرہ کا بھی معائنہ کیا اور بچوں کی محنت ولگن کی ستائش کی۔ 
پروگرام کے اختتام پر ادارہ کے پرنسپل جاوید مظہر نے تمام مہمانان کرام کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر شہر کے معززین کے علاوہ ادارہ کے کارکنان زبیر احمد، مولانا شوکت، محمدمرسلین، لائقہ، عصمت، ریشمہ، درخشاں پروین، امرین انصاری اور نازیہ پروین وغیرہ موجود رہے۔

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر