Latest News

کرناٹک حجاب تنازعہ کے درمیان سہارنپور میں بولے پی ایم مودی ’ہماری حکومت ہر مظلوم اور متاثرہ مسلم بہن بیٹی کے ساتھ کھڑی ہے‘

کرناٹک حجاب تنازعہ کے درمیان سہارنپور میں بولے پی ایم مودی ’ہماری حکومت ہر مظلوم اور متاثرہ مسلم بہن بیٹی کے ساتھ کھڑی ہے‘
سہارنپور: (سمیر چودھری)
سہارنپور پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس اور سماجوادی پارٹی سخت حملہ بولتے ہوئے کہا کہ پہلے کی حکومتوں میں خاندان پرستی چلتی تھی لیکن بی جے پی حکومت نے جہاں اس روایت کو توڑا ہے وہیں ملک کی ترقی کے لئے نئی راہیں ہموار کی ہیں، انہوں نے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یوگی جی کی حکومت میں اتر پردیش میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ 
وزیر اعظم مودی سہارنپور میں جمعرات کو اس وقت انتخابی جلسہ کو خطاب کررہے تھے،جب کمشنری کے دونوں اضلاع مظفرنگر اور شاملی سمیت مغربی یوپی کے دیگر اضلاع میں پہلے مرحلہ کے لئے ووٹنگ ہورہی تھی،جبکہ سہارنپور میں دوسرے مرحلہ کے تحت 14/ فروری کو ووٹ ڈالے جائینگے۔
کرناٹک میں حجاب تنازعہ کے درمیان پی ایم مودی نے یہاں جم کر مسلم خواتین کی تعریف کی ہے اور کہاکہ ہر مظلوم اور متاثرہ مسلم بہن بیٹی کے ساتھ ہماری سرکار کھڑی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہماری حکومت ہر مسلمان خاتو ن و ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ مسلم خواتین پر کوئی ظلم نہیں کر سکتا، اس کے لیے یوگی جی کی حکومت ضروری ہے۔ سب کا ساتھ، سب کا وکاس یوپی کی ترقی کی کلید ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ ترقی میں لڑکیوں کی شرکت بی جے پی کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ اسی لیے آج ہر شعبہ کو بیٹیوں کے لیے کھولا جا رہا ہے۔انہوں نے اپوزیشن پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہاکہ مسلم بہنوں کے منہ سے مودی تعریف سننا انہیں پسند نہیں ہے، ان ٹھیکیداروں کو لگا کہ ان بیٹیوں کو روکنا پڑے گا۔ اس لیے مسلمان بہنوں اور بیٹیوں کے حقوق کی پامالی کے لیے ان کی پروازوں کو روکنے کے لیے نت نئے طریقے تلاش کیے جا رہے ہیں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ یہ لوگ مسلمان بہنوں کو دھوکہ دے رہے ہیں تاکہ مسلمان بیٹیوں کو ہمیشہ پیچھے رکھا جاسکے۔ 
انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے سہارنپور ضلع کی خبر لینے والا کوئی نہیں تھا۔ لیکن بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد یہاں ترقی ہوئی ہے۔پی ایم مودی نے کہا کہ مظفر نگر میں جو کچھ ہوا وہ ایک بدنما داغ تھا، لیکن یہاں سہارنپور میں جو ہوا وہ بھی خوفناک تھا۔ سہارنپور فساد اس بات کا ثبوت ہے کہ کس طرح سیاسی سرپرستی میں لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ایسی حرکتوں کی وجہ سے آپ نے 2017 میں فسادیوں کو سبق سکھایا۔
پی ایم نے کورونا،مفت راشن جیسے معاملوں کا تذکرتے ہوئے اپوزیشن پر حملہ کیا اور اپنی سرکاری کی تعریف کی۔اس سے قبل سی ایم یوگی نے بھی سماجوادی پارٹی اور کانگریس پر نشانہ سادھا اورکہاکہ ایک مرتبہ پھر یوپی میں بی جے پی کی حکومت بنے گی،پی ایم مودی کے انتخابی جلسہ کے لیے دہرہ دون روڈ پرواقع ریماؤنٹ ڈپو گراؤنٹ پر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے۔

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر