Latest News

کرناٹک کے ایک آور کالج میں حجاب پر پابندی، باحجاب طالبات کو کالج کیمپس میں داخلہ دینے سے انکار۔

کرناٹک کے ایک آور کالج میں حجاب پر پابندی، باحجاب طالبات کو کالج کیمپس میں داخلہ دینے سے انکار۔
اُڈوپی: (عصرحاضر) کرناٹک کے اُڈوپی کے ایک اور کالج میں حجاب پر پابندی لگائی گئی اور باحجاب طالبات کو کالج کیمپس میں داخلہ دینے سے انکار کرتے ہوئے گیٹ بند کر دیا گیا۔
ریاست کرناٹک کے ضلع اڈوپی کے کنڈا پور میں واقع گورنمنٹ پری یونیورسٹی کالج کی طالبات جو حجاب پہن کر ادارے میں پہنچی تھیں، انہیں کالج کے پرنسپل نے گیٹ پر روک دیا۔
پرنسپل نے طالبات کو بتایا کہ انہیں کلاس رومز کے اندر حجاب پہننے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے انہیں سر سے اسکارف اتار کر کلاس رومز میں داخل ہونے کے لیے کہا۔اس کے بعد طالبات نے پرنسپل سے درخواست کی اور انہیں بتایا کہ سرکاری حکم نامے میں کنڈا پور کالج کا ذکر نہیں کیا گیا ہے تب پرنسپل نے انہیں بتایا کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ سرکیولر پوری ریاست میں لاگو ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ اُڈوپی ضلع میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ پہلا واقعہ ایک ماہ قبل اڈوپی شہر کے پی یو گرلز کالج میں پیش آیا تھا جہاں طالبات ابھی تک حجاب کے ساتھ کلاس روم میں داخلے کی اجازت کے لیے لڑ رہی ہیں۔
اس معاملے میں ایک طالبہ نے کرناٹک ہائی کورٹ سے رجوع کر کے درخواست کی ہے کہ کلاس روم کے اندر حجاب پہننے کی اجازت دی جائے۔
دریں اثنا ریاست کے ماہی پروری کے وزیر اور اُڈپی کے ضلع انچارج ایس انگرا نے اُڈوپی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کلاس رومز کے اندر حجاب پہن کر داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کا سرکیولر اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک کہ اس مسئلے کا مطالعہ کرنے کے لیے مقرر کردہ کمیٹی اپنی رپورٹ پیش نہیں کر دیتی۔واضح رہے کہ کنڈاپور کے پرائیویٹ کالج میں بدھ کے روز اس وقت نازک صورتحال دیکھنے میں آئی جب کچھ طالب علم زعفرانی شال پہنے کلاس میں آئے اور ‘جے شری رام’ کا نعرہ لگاتے ہوئے طالبات کے حجاب پہننے کے خلاف احتجاج کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر