دیوبند میں پر امن پولنگ کےلئے پولیس انتظامیہ چاق وچوبند، پیرا ملٹری فورس کے علاوہ پولیس اہلکار مستعدی کے ساتھ رہیں گے تعینات۔
دیوبند اسمبلی حلقہ میں آج ہونے والی پولنگ کو پر امن اور غیر جانبدارانہ طریقہ سے کرانے کے لئے پولیس انتظامیہ نے بڑے پیمانہ پر تیاریاں کی ہیں۔ آج 14فروری کو ہونے والی پولنگ کو ڈسپلن اور بہتر طریقہ سے منعقد کرانے کے لئے پیرا ملٹری فورس اور پولیس کے تقریباً3000جوان ڈیوٹی پر مستعدی کے ساتھ معمور رہیں گے۔اس کے علاوہ ڈرون کیمروں کی مدد سے بھی تمام پولنگ اسٹیشنوں پر نظر رکھی جائے گی۔
واضح ہو کہ دیوبند اسمبلی حلقہ میں 177پولنگ اسٹیشن اور 400بوتھ ہیں ،جہاں ووٹر پہنچ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔پولنگ کو غیرجانبدارانہ اور پر امن طریقہ سے کرانے کے لئے الیکشن کمیشن نے دیوبند اسمبلی حلقہ میں مرد وخواتین پر مشتمل پیرا ملٹری فورس کی 11کمپنیاں اور 1300پولیس اہلکاروں کو مذکورہ پولنگ سینٹروں اور پولنگ بوتھوں پر تعینات کیا ہے۔دیوبند کے کوتوالی انچارج پربھاکرکینتورانے بتایا کہ 14فروری کو ہونے والی پولنگ کے دوران 300جوان مسلسل راو ¿نڈ پر رہیں گے۔اس دوران پورے اسمبلی حلقہ پر سخت نگہداشت رکھی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ اس ووٹنگ مرحلہ کے لئے 3زونل مجسٹریٹ اور 20سیکٹر مجسٹریٹوں کی تعیناتی کی ئگی ہے ۔یہ سبھی افسران پولنگ کے دوران مسلسل گشت پر رہیں گے۔اس کے علاوہ کوتوالی سطح پر 20کلسٹر موبائل سمیت 31تھانوں کی گاڑیاں پولنگ کے دن گشت لگاتی رہیں گی جبکہ ڈائل 112کی گاڑیاں بھی پورے اسمبلی حلقہ میں حفاظتی بند وبست کا جائزہ لیتی رہیں گی۔دیوبند کے ایس ڈی ایم دیپک کمار نے بتایا کہ 14فروری کو ہونے والی پولنگ صبح 7بجے سے شام 6بجے تک ہوگی ۔انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے لئے تمام پولنگ سینٹروں کے لئے پولنگ پارٹیاں دیوبند پہنچ چکی ہیں۔انہوں نے تمام ووٹرس سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے اپنے ووٹ کا لازمی طور پر استعمال کریں۔ایس ڈی ایم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولنگ کے دوران پولیس انتظامیہ سے تعاون کریں۔
0 Comments