اویسی پرحملہ کے خلاف حیدرآباد بند، نماز جمعہ کے بعد مکہ مسجد کے باہر پرامن احتجاج، مساجد میں ایم آئی ایم رہنما کی درازی عمر کےلیے دعائیں، چار مینا رکے علاقے میں سناٹا، سیاہ جھنڈیاں لگائی گئیں۔
حیدرآباد:(اردو لیکس) حیدرآباد: صدرکل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹراسد الدین اویسی پرحملہ کے خلاف آج حیدرآباد کے پرانا شہرمیں رضاکارانہ طورپربند منایا گیا۔ صبح سے ہی تاجرین نے ازخود کاروباری ادارہ بند رکھے تھے۔ پرانا شہرمیں مکمل بند دیکھا گیا۔ خاص طورپرتاریخی چارمیناراوراس کے آس پاس کے علاقہ سنسان نظرآرہے تھے۔ کل رات سے ہی بعض مقامات پربند مناتے ہوئے سیاہ جھنڈیاں لگائی گئی تھیں اورتاریخی چارمینار کے پاس رات میں احتجاج کیا گیا تھا۔ احتجاجی سیاہ پرچم تھامے ہوئے تھے اورحملہ آوروں کے سخت کاروائی کرتے ہوئے انھیں کیفرکردارتک پہنچانے کا مطالبہ کررہے تھے۔
ادھر آج نماز جمعہ کے بعد تاریخی مکہ مسجد کے پاس بیرسٹراسد الدین اویسی پرحملہ کے خلاف پرامن احتجاج کیا گیا۔ نماز کی ادائیگی کے بعد نوجوانوں کی کثیرتعداد نے احتجاج کیا اورنعرہ تکبیرکے نعرہ بلند کئے۔ احتجاجیوں نے حملہ آوروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرنے اورانھیں کیفرکردارتک پہنچانے کا مطالبہ کررہے تھے، احتجاجی بی جے پی مردہ باد کے نعرے بھی لگا رہے تھے، احتجاج کے دوران کسی بھی قسم کا کوئی نا خشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ واضح رہے کہ امکانی احتجاج کے پیش نظرپہلے ہی ریاست کے مختلف اضلاع کے علاوہ حیدرآباد کے پرانا شہراورنئے شہرمیں پولیس کی جانب سے سخت چوکسی اختیارکی گئی تھی۔
مساجد کے پاس پولیس پکٹس تعینات کئے گئے تھے۔ تاریخی مکہ مسجد کے پاس کل رات سے ہی زائد فورس کو متعین کردیا گیا تھا۔ زائد فورس کو بھی طلب کیا گیا تھا۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ مہذب سماج میں گن کلچر اور غنڈہ گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو لہٰذا اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے مجرمین کو کیفر کردارتک پہنچایا جائے اور غیر جانبدارعدالتی تحقیقات کروائی جائیں۔
مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ جس کسی نے یہ بزدلانہ حرکت انجام دی ہے در اصل وہ اس ملک کا پُر امن ماحول مکدر اور امن و اماں کی فضا ء کو در ہم برہم اور کرنا چاہتے ہیں۔ امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان نے اس واقعہ میں بفضلہ تعالیٰ بیرسٹر اسد الدین اویسی کے محفوظ رہنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور ان کی صحت و درازی عمر کیلئے دعاء فرمائی۔
0 Comments