جیش محمد کے لیے کام کرنے والےتین ہندو گرفتار، ہریانہ پولس حرکت میں آئی، فرضی پاسپورٹ کے ذریعہ ملک سے بھاگنے کی کوشش ناکام۔
سونی پت: ہریانہ پولس نے سونی پت میں پاکستانی دہشت گرد تنظیم جیش محمد کی مدد کرنے والے تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ پکڑے گئے لوگوں میں میاں بیوی اور ان کا ساتھی شامل ہے۔ ملزمین کی شناخت روی، وریندر دیپ کور اور کنبھ کے طور پر کی گئی ہے۔ روی اور ویریندر دیپ کور میاں بیوی ہیں جبکہ کنبھ ان کا ساتھی ہے۔ میاں بیوی پنجاب کے ترن تارن کے رہنے والے ہیں جبکہ ان کا ساتھی جالندھر سے ہے۔ تینوں ملزمین فرضی پاسپورٹ کے ذریعے ملک سے بھاگنے کےلیے دہلی ایئر پورٹ جارہے تھے، اسی دوران انہیں گرفتار کرلیاگیا۔
سیکوریٹی ایجنسیوں کے مطابق ملزمین پاکستان میں دہشت گرد تنظیم کے سربراہوں کے رابطے میں تھے، جموں کشمیر میں دہشت گردوں کی فنڈنگ کرتے تھے، جموں کشمیر پولس سے ان پٹ ملا تھا کہ جیش محمد کے تین مد د گار نجی گاڑی سے سونی پت سے گزریں گے۔ سونی پت پولس کو تینوں مشتبہ کی شناخت کےلیے فوٹو مہیا کرائے گئے، اس کے بعد پولس حرکت میں آگئی اور گنور مرتھل کے درمیان ناکہ بندی کرکے نگرانی شروع کردی۔ اسی درمیان اتوار ۳۰ جنوری کو دیر رات کار سے ایک خاتون اور دو نوجوان آتے دکھے، پولس نے انہیں روکنے کے بعد حراست میں لے لیا، تلاشی کے دوران ان کے پاس سے فتح آباد سے تیار کرائے گئے فرضی پاسپورٹ برآمد کیے گئے، اس کی اطلاع جموں کشمیر پولس کے دہلی دفتر کو دی گئی، جموں کشمیر پولس کے ڈی ایس پی سندیپ بھٹ اپنی ٹیم کے ساتھ سونی پت پہنچے، تینوں ملزمین کو عدالت میں پیش کیاگیا جہاں سے ٹرانزٹ ریمانڈ پر لے کر تینوں کو جموں کشمیر لے گئے۔ پولس کے مطابق نومبر ۲۰۲۱ کو جموں کشمیر میں دو دہشت گرد محمد پرویز اور اعمر فاروق پکڑے گئے تھے، ان دونوں سے پولس نے تقریباً ۴۳ لاکھ روپئے برآمد کیے تھے، پولس پوچھ تاچھ میں پتہ چلا کہ وہ جیش محمد کے دہشت گرد عاشق نین گری کے لیے کام کرتے تھے، اسے یہ پیسے امرت سر میں نامعلوم مدد گار نے نومبر میں دئے تھے۔
پولس تحقیقات میں نامعلوم مدد گار کی شناخت روی اور اس کی اہلیہ وریندر دیپ کور کے طور پرہوئی تھی۔ ملزمین کے بارے میں ان پٹ ملنے کے بعد ہی روی اور اس کی اہلیہ کا موبائل فون بند ہوگیا تھا، اسی درمیان پولس کو ان کے ساتھی کا نمبر ملا، جس کا نام کنبھ تھا، اس موبائل نمبر کی لوکیشن جی ٹی روڈ پر دہلی کی طرف ملی تھی جس کے بعد سونی پت سی آئی اے ٹیم کی مدد سے تینوں کو گرفتار کرلیاگیا۔ ملزمین فتح آباد سے بنائے گئے فرضی پاسپورٹ سے دہلی جارہے تھے، وہاں سے بیرون ملک بھاگنے کی فراق میں تھے، سونی پت ایس پی راہل شرما نے اس کی جانکاری دیتے ہوئے بتایاکہ دہشت گردوں کے تینوں معاونین کو بھگانے کے پاس قابو کیا گیا، انہیں جموں کشمیر پولس کو سونپ دیاگیا ہے۔
DT Network
0 Comments