اب ڈاکیہ بابو بنائینگے بچوں کے آدھار کارڈ، ٹارگیٹ پورا کرنے پر ملے گی اسکوٹی۔۔
محکمہ ڈاک کی جانب سے 4سال سے کم عمر کے سبھی بچوں کے آدھار کارڈ تیار کرانے کی ذمہ داری اب ڈاکیو ں کو سونپی گئی ہے۔ اس کام کو پورا کرنے کے لئے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ پانچ ہزار آدھار کارڈ بنانے والے ڈاکئے کو انعام میں اسکوٹی دی جائے گی، وہیں اسکوٹی کے علاوہ آدھار کارڈکے حساب سے ڈاکئے کو ٹی وی،فریج اور دوسرے انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ محکمہ ڈاک کی جانب سے آدھار کارڈ بنانے کے لئے ایک خاص مہم شروع کی گئی ہے، دراصل ابھی تک پانچ سال سے زائد عمر کے بچوں کا آدھار کارڈ بنایا جاتا تھا، مرکزی حکو مت کی جانب سے چھوٹے بچوں سے لے کر چار سال کے بچوں کا آدھار کارڈ بنانے کی مہم شروع کی گئی ہے، اس کی ذمہ داری محکمہ ڈاک کو سونپی گئی ہے۔ محکمہ ڈاک کی جانب سے آدھار کارڈ بنانے کی ذمہ داری ڈاکئے کو سونپی گئی ہے جس کے لئے انہیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس موبائل فون بھی مہیا کرائے گئے ہیں۔
آدھار کارڈ بنانے کے لئے بچوں کی یوم پیدائش اور سرٹیفکٹ، والدین کے آدھار کارڈ کی فوٹوکاپی کی ضرورت ہوگی، ڈاکیہ موبائل سے بچے کا فوٹو لے گا اور اس کی آنکھ پتلی اور انگلی کو اسکین کرے گا۔ اس کے بعد موبائل کے ذریعہ سے ڈاٹا سرور کو بھیج دیا جائے گا، 15روز بعد ڈاکیہ خود ہی گھر پر آدھار کارڈپہنچانے کا کام کرے گا۔ واضح ہو کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 31مارچ تک زیادہ سے زیادہ آدھاکارڈ بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ڈاکیوں کو متوجہ کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ 5ہزار آدھارکارڈ بنانے والے ڈاکئے کو اسکوٹی دی جائے گی وہیں ہر متعینہ تعداد میں آدھار کارڈ بنانے والے ڈاکیوں کو الگ الگ انعامات دیئے جائیں گے، ان میں ٹی وی، فریج، سائیکل اور پریس شامل ہیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ ڈاک کے ایس پی سہارنپور امراؤ سنگھ نے بتایا کہ محکمہ ڈاک کی جانب سے چھوٹے بچوں سے لے کر چار سال کے بچوں کے آدھار کارڈ بنائے جائیں گے۔ 5ہزار آدھار کارڈ بنانے والے ڈاکئے کو بطور انعام اسکوٹی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ دیگر انعامات بھی ڈاکئے کو دیئے جائیں گے۔
DT Network
0 Comments