ایکسپریس ٹرینوں میں دو سال بعد بغیر ریزرویشن کے فوراً ٹکٹ لے کر سفر کرنے کی سہولت بحال۔
محکمہ ریلوے نے ایکسپریس ٹرینوں میں بغیر ریزرویشن کے فوراً ٹکٹ لے کر سفر کرنے کی سہولت ایک مرتبہ پھر سے بحال کردی ہے، اس سے مسافروں کو بڑی راحت ملی ہے۔ کورونا کے دور میں دو سال سے یہ سہولت بند رہنے سے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا، حالانکہ فی الحال جن ٹرینوں کے نمبروں میں پہلے صفر لگا ہے اور وہ اسپیشل کے نام سے چل رہی ہیں ان میں ایک روز قبل ہی ریزرویشن ٹکٹ لے کر سفر کرنا ہوگا۔
محکمہ ریلوے نے کورونا کی وجہ سے مارچ 2020میں تمام ٹرینوں کی آمد ورفت بند کردی تھی،پہلی لہر کے کم ہونے پر محکمہ ریلوے نے چند ٹرینیں ہی اسپیشل کا نام دے کر چلائی تھیں جن میں اس روٹ پر چلنے والی گولڈن ٹیمپل، دہرہ دون شتابدی بھی شامل تھیں۔ کورونا کی دوسری لہر کے بعد محکمہ ریلوے نے زیادہ تر ایکسپریس ٹرینوں کی آمد ورفت شروع کردی تھی مگر کورونا وائرس سے بچنے کے لئے ان میں ریزرویشن ٹکٹ پر ہی سفر کرنے کی سہولت دی گئی تھی،یعنی اگر کسی کو ٹرین میں سفر کرنا ہے تو اسے اسی روز ٹکٹ نہیں مل سکتا تھا، ایسے مسافروں کو کم سے کم ایک روز قبل ریزرویشن کرانا پڑتا تھا، محکمہ ریلوے نے جنوری میں ایکسپریس ٹرینو ں میں جنرل کوچ بھی جوڑ دیئے تھے مگر ان میں بھی ریزر ویشن سے ہی سفر کرنا پڑتا تھا، حالانکہ محکمہ ریلوے نے ابھی دو سال سے بند پسینجر ٹرینوں کو بحال نہیں کیا ہے مگر اب محکمہ ریلوے نے یکم/ مارچ سے ایکسپریس ٹرینوں میں جنرل کوچ میں بغیر ریزرویشن کے سہولت کو بھی بحال کردیا ہے جس سے مسافروں کو بڑی راحت ملی ہے۔
ڈیلی پسینجر نیرج جین اور منوج پنوار نے بتایا کہ محکمہ ریلوے نے یہ مسافروں کے مفاد میں فیصلہ لیا ہے کہ ہولی کے تہوار پر مسافروں کو سفر کرنے میں کافی سہولت ہوگی، اب سبھی پسینجر ٹرینیں بھی چلنی چاہئیں۔ اس سلسلہ میں اسٹیشن ماسٹر سہارنپور پون شرما نے بتایا کہ جو ٹرینیں اپنے پہلے نمبرات پر چل رہی ہیں ان میں بغیر ریزرویشن کے تتکال ٹکٹ لے کر مسافر سفر کرسکتے ہیں مگر ابھی جو ٹرین اسپیشل کے نام سے چل رہی ہیں ان میں ریزرویشن ٹکٹ لے کر ہی سفر کرنا ہوگا۔
سمیر چودھری۔
0 Comments