Latest News

اسلام ہمیں زندگی گذارنے کی صحیح راہ دکھاتا ہے، معروف تعلیمی ادارہ تسمیہ جونیئر ہائی اسکول مظفرنگر میں سیرت النبی کے عنوان سے اجلاس کا انعقاد۔

اسلام ہمیں زندگی گذارنے کی صحیح راہ دکھاتا ہے، معروف تعلیمی ادارہ تسمیہ جونیئر ہائی اسکول مظفرنگر میں سیرت النبی کے عنوان سے اجلاس کا انعقاد۔
مظفر نگر: (فہیم صدیقی/سمیر چودھری)
معروف تعلیمی ادارہ تسمیہ جونیئر ہائی اسکول مظفرنگر میں سیرت النبی کے عنوان سے ایک پروقار اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔مہمان خصوصی کے طور پر جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند کے ناظم تعلیمات مولانا فضیل احمد ناصری نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت ادارہ کے صدر اور تسمیہ آل انڈیا ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیر سوسائٹی کے پریزیڈینٹ ڈاکٹر ایس فاروق نے کی جبکہ نظامت کے فرائض جاوید مظہر نے انجام دئیے۔پروگرام کا آغاز درجہ پنجم کے طالب علم محمد اسعد صدیقی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا بعد ازاں محمد عظیم نے اپنی خوبصورت آوازیں نعمت نبیؐ پیش کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایس فاروق نے مہمان خصوصی مولانا فضیل احمد ناصری کا پھولوں کا گلدستہ اور یادگاری نشان پیش کرکے پر زور استقبال کیا۔اسی دوران تسمیہ جونیئر ہائی اسکول کے ناظرہ کلام پاک کی تکمیل کرنے والے40/طلبہ وطالبات کو ڈاکٹر ایس فاروق اور مولانا فضیل احمد ناصری کے بدست تحائف اور کلام پاک کے نسخوں سے نوازا گیا۔
مولانا فضیل احمد ناصری نے قرآن کے فیوض وبرکات اور قرآن کی اہمیت و فضیلت نیز سیرت نبویؐ پر روشنی ڈالتے ہوئے تکمیل قرآن ناظرہ کرنے والے بچوں اور ان کے والدین ودیگر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب اسلام میں تعلیم کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، خوش نصیب ہیں وہ بچے اور ان کے والدین جنہوں نے تکمیل قرآن ناظرہ کی سعادت حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ اب یہ بچوں اور ان کے والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ تلاوت پاک کو اپنا معمول بنالیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن سر چشمہ ہدایت ہے اور اسلام ہمیں زندگی گذارنے کی صحیح راہ دکھاتا ہے۔
ادارہ کے سرپرست ڈاکٹر سید فاروق نے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کہا کہ ہمارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم میں سے سب سے بہتر وہ شخص ہے جو قرآن کریم پڑھے اور دوسروں کو پڑھائے۔انہوں نے والدین سے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کی بہتر تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم پر بھی توجہ دینا چاہئے۔اس سے قبل تعلیمی سال 2021-22میں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ خصوصی انعامات پانے والوں میں ثوبیہ، فاطمہ، عالیہ، محمد امن صدیقی، عائزہ، حمیرہ، سمائرہ، اقضی، زویا، ام حبیبہ، جویریہ، شیریں، محمد امان، اقراء، نبیہ، ذکی، ارسلان، حارث، شفاء ناز، محمد طیب، محمد کاشف، سفیان، صوفیہ، مہک، فاطمہ، عاتکہ، مہوش اور دیگر طلبہ وطالبات شامل رہے۔
پروگرام کے اختتام پر ادارہ کے پرنسپل جاوید مظہر نے تمام حاضرین، بچوں اور ان کے والدین کو چند دن بعد شروع ہونے والے مبارک ماہ رمضان المبارک کی مبارکباد دی اور نئے تعلیمی سال کے لئے طلبہ وطالبات نیز ان کے والدین کو ضروری ہدایات دیں اور مہمان کرام کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں ادارہ کے منیجر سید اعجاز احمد کے علاوہ ثمن، طوبی، عصمت،  درخشاں، لائقہ، ریشماں، خوش نصیب، مرسلین، زبیر احمد، مولانا شوکت اور محمد پرویز کا خصوصی تعاون شامل رہا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر