حجاب معاملہ میں طالبات کی حمایت میں آئی مس یونیورس ہرناز کور سندھو، کہا حجاب پر بھی لڑکیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
نئی دہلی: مس یونیورس 2021 ہرناز کور سندھو نے کہا ہے کہ حجاب کے معاملہ میں بھی لڑکیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ لڑکیوں کو جینے دو جس ڈھنگ سے وہ جینا چاہتی ہیں۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران ہرناز کور سے سوال کیا گیا تھا کہ ہندوستان میں حجاب کے تعلق سے اور اس پر کرناٹک ہائیکورٹ کے فیصلہ کے بعد کی صورتحال کو وہ کس انداز سے دیکھ رہی ہیں اور اس بارے میں آپ کیا کہیں گی؟
سوال کرنے والے شخص کو تقریب کے منتظم کی جانب سے روکا گیا تاہم ان کا اصرار تھا کہ مس یونیورس کو جواب دینے دیا جائے۔ ہرناز کور نے اپنی گفتگو کے شروع میں ہی شکایت کی کہ ہمیشہ لڑکی کو ہی نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کیوں؟ابھی بھی مجھے نشانہ بنایا جارہا ہے۔
مس یونیورس ہرناز کور سندھو چند دن قبل اپنے ملک ہندوستان پہنچی ہیں جہاں وہ مختلف تقاریب میں شرکت کر رہی ہیں۔ لڑکیوں کے ساتھ لوگوں کے برتاؤ کا ذکر کرتے ہوئے ہرناز کور کا کہنا تھا کہ لڑکی کو اپنے مقام تک پہنچے دیا جائے، اسے اڑنے دو۔ اس کی بھی پرواز ہے، اس کے پر مت کاٹو، کاٹنا ہے تو اپنے آپ کو کاٹو۔
ہرناز کور کی بات چیت کا ویڈیو کلپ وائرل ہوا تو متعدد افراد نے جہاں ان کے موقف کی تائید کی وہیں کہیں ایسے بھی تھے جنہیں لڑکیوں سے زبردستی نہ کرنے کا ان کا مشورہ اچھا نہیں لگا۔
0 Comments