Latest News

يوگی کے سامنے کراری ہار کے بعد بولے چندر شیکھر آزاد، شکست سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، پارٹی میں تبدیلی کی جائے گی۔

يوگی کے سامنے کراری ہار کے بعد بولے چندر شیکھر آزاد، شکست سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، پارٹی میں تبدیلی کی جائے گی۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر چندر شیکھر آزاد نے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو ملی کراری شکست کے بعد گزشتہ رات لائیو آکر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں تبدیلی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس شکست سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، اس سے سبق لے کر اچھے اور سنگھرش کرنے والے کارکنان کو آگے لاکر پانچ سال کے اندر پارٹی کو ریاست اور مرکز میں کھڑا کرنے کا عہد لینا ہوگا۔
چھٹمل پور میں واقع اپنی رہائش گاہ سے لائیو خطاب کرتے ہوئے چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ وہ ملک کی بڑی پنچایت میں جانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو کارکن اور عہدے دار سنگھرش کی سیاست نہیں کرسکتے وہ خود ہی الگ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خراب اور صرف آس پاس گھومنے والے افراد کو ہٹائیں گے اور اچھے لوگوں کو پارٹی میں ذمہ داری دے کر سامنے لایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانشی رام نے کہا تھا کہ پارٹی کے لیڈر سڑک پر نظر نہیں آتے، اس پارٹی کے ممبر، پارلیمنٹ اور اسمبلی سے غائب ہوجاتے ہیں۔ 
انہوں نے بہوجن سماج پارٹی کے لیڈران سے بھی اپیل کی کہ وہ دور کھڑے ہوکر تبصرہ کرنے کے بجائے ساتھ آکر کمیاں بتائیں اور انہیں دور کرتے ہوئے بہوجن تحریک کو مضبوط بنائیں، اسی سے فرقہ پرستی کی آندھی کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024کے پارلیمانی انتخاب میں اس آندھی کو روکنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب راجستھان،مدھیہ پردیش اورچھتیس گڑھ کے لوگوں کی باری ہے کہ وہ اب وہاں کا رخ کریں گے۔ چندر شیکھر نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی سے سبق لیں کہ وہ پانچ بجے اٹھ کرشاخ میں جاتے ہیں، اب محنت زیادہ کرنی ہے اور شور کم مچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد سماج پارٹی کو ملے ووٹوں کو لے کر لوگ مذاق بنارہے ہیں، لیکن اس سے ہمت نہیں ہارنی ہے۔ بابا صاحب امبیڈکر، کانشی رام، بہن جی اور بڑے بڑے لیڈران اپنی زندگی میں ہارے ہیں۔ 
چندرشیکھر آزاد نے کہا کہ ہماری پارٹی کا یہ پہلا انتخاب تھا اور اس میں وہ اپنی شناخت بناچکے ہیں، اب اقتدار میں پہنچنے کے لئے محنت کرنی ہوگی،تحریک کو کھڑا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورکھپور عوام کا شکریہ ادا کرنے کے لئے وہاں جائیں گے، انہوں نے کہا کہ 15مارچ کو پارٹی کا یوم تاسیس منایا جائے گا۔

DT Network 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر