بی جے پی نے پروپیگنڈہ کے تحت کیرانہ کو بدنام کیا، بھائی کی شاندار جیت کے بعد اقراء حسن نے کہاکہ عوام نے ووٹ سے دیا بی جے پی کو جواب۔
کیرانہ: اسمبلی انتخابات میں کیرانہ سے گٹھ بندھن کے امیدوار ناہید حسن کی بڑی کامیابی کے بعد ان کی بہن اقراء حسن نے کہا کہ ہمیں اپنی محنت اور کامیابی پر پورا یقین تھا، بی جے پی نے کیرانہ کو بدنام کرنے کا کام کیا، لیکن عوام نے ووٹ دے کر ان کو جواب دیدیا۔ اسمبلی انتخاب 2022میں اترپردیش کی مشہور ہاٹ سیٹ کیرانہ اسمبلی پر گٹھ بندھن امیدوار ناہید حسن نے کامیابی حاصل کی ہے۔
کیرانہ سے ناہید حسن تیسری مرتبہ بی جے پی امیدوار کو شکست دے کر اسمبلی رکن منتخب ہوئے ہیں۔ فی الوقت اسمبلی رکن ناہید حسن گینگسٹر ایکٹ کے مقدمہ میں مظفرنگر جیل میں بند ہیں، وہیں انتخاب کی باگ ڈور سنبھال رہی ان کی چھوٹی بہن اقراء حسن نے کیرانہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ان کے حامیوں نے ان کا استقبال کیا اور انہیں مبارک باد دی۔ بعد ازاں درجنوں حامیوں کے ساتھ اقراء حسن نے میٹنگ کرکے اسمبلی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔ اقراء حسن سے معلوم کیاگیا کہ کیا آپ کو اپنے بھائی ناہید حسن کی اتنی بڑی کامیابی کی امید تھی جس پر اقراء حسن نے کہا کہ ہمیں اپنی محنت پر پورا یقین تھا۔ علاقہ کے عوام نے ان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو غلط فہمی تھی کہ ان کے ووٹ فیصد میں اضافہ ہوا ہے لیکن گنتی کے بعد صاف ہوگیا کہ گٹھ بندھن کے ووٹ فیصد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران 10مارچ کے بعد کیرانہ کی گرمی ٹھنڈی کرنے کے سوال پر اقراء نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ہمارے علاقہ پر گرمی سردی جیسے بیان دے کر غلط کیا تھا، عوام نے ووٹ دے کر اس کا جواب دیدیا ہے۔ اقراء حسن نے کہا کہ ناہید حسن کی کامیابی میں سب سے بڑا فیکٹر سماج وادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کا اتحاد تھا، زرعی قوانین کی مخالفت میں چلائی گئی تحریک کی وجہ سے کسان بی جے پی سے پریشان تھے، بی جے پی نے کیرانہ سے نقل مکانی کے مسئلے کو اٹھاکر کیرانہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی لیکن عوام نے ووٹ دے کر کیرانہ سے نقل مکانی جیسی بدنامی کے داغ کو دھونے کا کام کیا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے ہر طبقے اور ہر سماج کے افراد سے رابطہ کیا اور ترقی کے مسئلے پر ہی ووٹ مانگا۔ اقراء حسن نے کہا کہ ان کی والدہ اور بھائی کے خلاف حکومت کے اشارے پر پولیس انتظامیہ نے فرضی مقدمات قائم کرکے گینگسٹر لگائی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد جیل سے باہر ناہید حسن باہر آئیں گے اور کیرانہ اسمبلی حلقہ کی عوام سے درمیان رہ کر ان کے مسائل کا حل کرنے کے ساتھ ہی علاقہ میں ترقیاتی کام کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیرانہ قصبہ میں بھائی چارہ کی تاریخ رہی ہے، یہاں کا بھائی چارہ ہمیشہ یوں ہی بنا رہے گا۔
سمیر چودھری۔
DT Network
0 Comments