Latest News

مسلمانوں کو ساری دنیا کے لئے نفع بخش ہونا چاہئے، مولانا محمود مدنی نے کی مختلف مدارس کے پروگراموں میں شرکت۔

مسلمانوں کو ساری دنیا کے لئے نفع بخش ہونا چاہئے، مولانا محمود مدنی نے کی مختلف مدارس کے پروگراموں میں شرکت۔
دیوبند: (سمیر چودھری) 
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی نے مغربی یوپی کے شاملی، مظفرنگر اور میرٹھ کے مختلف مدارس میں منعقد سالانہ اجلاسوں میں شرکت کی اور نسل نو کو قرآنی تعلیمات کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے استقبال رمضان المبارک کی تیاریوں میں مشغول ہونے کی ترغیب دی اور حفاظ کرام کے سروں پر دستار باندھ کر ان کو ایک نئی زندگی کی مبارک باد دی۔اس موقع پر انھوں نے مسلمانوں کو خیر امت کی صفات سے متصف ہونے کی تلقین کی اور کہا کہ مسلمان صرف اپنے لیے نہیں بلکہ اسے ساری دنیا کے لیے نفع بخش ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ قرآن کا یاد کرنا تو ثواب کا عمل ہے لیکن اس پر عمل کرنا فرض ہے،اس لیے ہمیں قرآن کریم کو اپنی زندگی کے لیے نمونہ بنانا چاہیے، اس سے ہمارے سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کی یہی تعلیم کہ ہمیں صبر و ثبات کو مشکل حالات میں اپنانا ہے، اس میں ہماری بڑی رہ نمائی ہے۔
اس موقع جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے بھی طلبہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ قرآن کی برکت سے حافظ قرآن کی پوری نسل کا مقام بلند ہوجاتا ہے۔انہو ں نے کہا کہ اگر قرآن کریم کے اصولوں اور ضابطوں کو اپنالیا جائے تو آپسی منافرت اور تاریکی کے بادل جلد چھٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کو اپنے سینے میں محفوظ کرنا بہت بڑی سعادت اور اللہ کا خصوصی انعام ہے۔ قرآن کریم ام الکتاب ہے، اس کا درجہ جملہ آسمانی کتابوں میں سب سے بڑا ہے۔ اس موقع پرقاری جعفر مہتمم مدرسہ یَاسینیہ سراج العلوم، مفتی عبدالصمد مہتمم دارالعلوم حسینیہ، مفتی بن یامین، قاری ذاکر، مولانا حارث عظیم و دیگر دانشوران قوم و ملت بھی موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر