Latest News

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں دہلی وقف بورڈ کی جانب سےمسابقہ قرأت کا انعقاد۔

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں دہلی وقف بورڈ کی جانب سےمسابقہ قرأت کا انعقاد۔
نئی دہلی: (ایجنسی) آل انڈیا ملی تعلیمی بورڈ کی جانب سے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں مدارس کے طلبہ کے درمیان مسابقہ قرأت کا انعقاد عمل میں آیا جس میں پورے ہندوستان سے کل 113مساہمین نے شرکت کی اور حاضرین کے سامنے ترتیل سے قرآن کریم کی تلاوت کرکے داد وتحسین حاصل کی۔مسابقہ میں کل 113مساہمین نے حصہ لیا ،جس میں سے اول دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والوں کو چیئرمین دہلی وقف بورڈ امانت اللہ خان کے بدست انعامات سے نوازا گیا جبکہ باقی 7پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو تشجیعی انعامات سے نوازا گیا۔

تفصیل کے مطابق آل انڈیا ملی تعلیمی بورڈ کے زیر انتطام کل ہند مسابقہ قرأت کا انعقاد 24مارچ کو انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے ہال میں عمل میں آیاجس کی صدارت میرٹھ سے تشریف لائے مولانا خورشید نے کی۔مسابقہ کا آغاز ہندوستان کے مشہور اور ایوارڈ یافتہ قاری عنایت الرحمٰن کی تلاوت کلام اللہ اور مفتی حذیفہ خورشید میرٹھی کی نعت پاک سے ہواجس کے بعد مدرسہ امینیہ کشمیری گیٹ کے شیخ الحدیث مفتی ذکاوت حسین قاسمی نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔
افتتاحی خطاب کے دوران مفتی ذکاوت حسین صاحب نے ترتیل سے قرآن کریم کی تلاوت کی اہمیت اور احادیث میں وارد اس کے فضائل پر روشنی ڈالی۔جس کے بعد صبح 10بجے مساہمین کے درمیان باقاعدہ مسابقہ کا عمل شروع ہوگیا۔مسابقہ قرأت کے دو راؤنڈ منعقد کیئے گئے جس میں پہلے راؤنڈ کے بعد 10طلبہ کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور بعد نماز مغرب تا عشاء 10منتخب طلبہ کے درمیان مسابقہ قرأت کا عمل چلاجس میں تین طلبہ کو اول دوم سوم فاتح قرار دیا گیا اور مہمان خصوصی دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خاں نے کامیاب طلبہ کو بالترتیب 35ہزار،21ہزار اور11ہزار کے انعامات سے نوازا،جبکہ باقی 10طلبہ کو تشجیعی انعامات سے نوازا گیا۔

اس کے علاوہ مسابقہ میں شریک تمام 113طلبہ کو مفتی ذکاوت حسین قاسمی کی دو کتابوں (رمضان کے اسباق اور دینی معلومات)کے سیٹ دیئے گئے۔کامیاب ہونیوالے طلبہ کو دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے اپنی جب خاص سے انعامات سے نوازا۔اسی کے ساتھ انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہاکہ عید کے بعد دہلی وقف بورڈ کی جانب سے عالمی مسابقہ قرأت اور عالمی مسابقہ نعت خوانی کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔جس میں اول دوم سوم آنے والوں کو بالترتیب 2لاکھ،1لاکھ اور 50ہزار کے انعامات دیئے جائیں گے جبکہ 5تشجیعی انعامت بھی 11گیارہ ہزار روپئے کے دئے جائیں گے۔
امانت اللہ خاں نے آگے کہاکہ مسابقہ قرأت میں شرکت کرکے بڑی خوشی ہوئی اور آئندہ بھی اس طرح کے مسابقوں کا انعقاد ہوتے رہنا چاہئے۔امانت اللہ خان نے تمام مساہمین کے ساتھ ساتھ مسابقہ کے منتظمین کو بھی مبارکباد پیش کی۔
ذرائع کے مطاق ہمالیہ ڈرگس کے جانب ڈاکٹر فاروق نے بھی مساہمین کو تشجیعی انعامات سے نوازا۔ جبکہ مسابقہ میں حکم کے فرائض دارالعلوم وقف دیوبند سے قاری واصف، میرٹھ سے قاری عنایت اور مظاہر علوم سہارنپورسے تشریف لائے قاری عاقل نے انجام دیئے اور نظامت کے فرائض آل انڈیا ملی تعلیمی بورڈ کے ناظم مفتی محمد سلمان خورشید نے انجام دیئے۔ شرکاء میں ہمالیہ ڈرگس کے ڈاکٹر سید فاروق،جمعیۃ علماء ہند صوبہ دہلی کے ناظم عمومی مفتی عبد الرازق اور دہلی وقف بورڈ کے سیکشن آفیسر حافظ محفوظ محمد کے اسماء قابل ذکر ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر