Latest News

ماہِ رمضان رحمت و مغفرت کا مہینہ ہے،معہد عائشہ الصدیقہ میں منعقد استقبال ِرمضان پروگرام میں مولانا معراج قاسمی کا خطاب۔

ماہِ رمضان رحمت و مغفرت کا مہینہ ہے،معہد عائشہ الصدیقہ میں منعقد استقبال ِرمضان پروگرام میں مولانا معراج قاسمی کا خطاب۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
تعلیم نسواں کے مشہور معروف ادارہ معہد عائشہ الصدیقہ قاسم العلوم للبنات دیوبند میں استقبال رمضان سے متعلق پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے معہد کے استاذ مفتی معراج نے رمضان المبارک کا مہینہ مؤمنین کے لئے ایک نعمت ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن وحدیث میں رمضان المبارک کی فضیلت وارد ہوئی ہے، نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص رمضان المبارک کا مہینہ پائے اور اپنی مغفرت نا کروالے اس پر لعنت ہو اور اس پر حضرت جبرئیل علیہ السلام نے آمین کہا،انہوں نے کہا کہ ہمیں رمضان المبارک کی قدر کرنی چاہئے اس ماہ میں خوب نیکیاں کرنی چاہئے۔ رسول اللہﷺ نے شعبان کے آخری دن خطبہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا”اے لوگو! تم پر ایک عظمت والا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے، یہ مبارک مہینہ ہے، اس میں ایک ایسی رات ہے، جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔اللہ تعالی نے اس کے روزوں کو فرض قرار دیا اور رات میں قیام کو نفل۔ اس مہینے میں جس شخص نے نفل عمل کیا، وہ اُس شخص کی طرح ہے، جس نے دوسرے مہینے میں فرض اداکیا اور جس شخص نے اس میں ایک فرض ادا کیا، وہ اُس شخص کی طرح ہے،جس نے دوسرے مہینے میں ستّر فرائض ادا کیے۔ استقبال رمضان پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے معہد کے استاذ مفتی محمد شاکر قاسمی نے کہا کہ رمضان االمبارک صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا اجر جنت ہے۔ یہ غم خواری کا مہینہ ہے، یہ ایسا مہینہ ہے، جس میں مومن کا رزق بڑھادیا جاتا ہے، اس مہینے میں جس نے کسی روزہ دار کو افطار کروایا، وہ اس کے گناہوں کی بخشش اور دوزخ سے آزادی کا سبب ہے اور اُسے اُس روزہ رکھنے والے کے برابر ثواب ملے گا اور اُس کے ثواب میں بھی کمی نہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایسا مہینہ ہے، جس کا ابتدائی حصّہ رحمت، درمیانی حصّہ مغفرت اور آخری حصّہ جہنّم سے نجات کا ہے۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے معہد کے استاذ مولانا رضوان قاسمی نے کہا کہ احادیث مبارکہ میں ماہ رمضان کے روزوں کو مغفرت کا ذریعہ،گناہوں سے بچنے کے لئے ڈھال،جہنم سے بچاؤ کا مضبوط قلعہ،اللہ تعالیٰ کے ہاں سفارشی اور روزہ دار کی نیند کو عبادت منھ کی بو کو مشک وعنبر سے بڑھ کر قرار دیا ہے،مگر یہ سب بشارتیں اور خوش خبریاں ان کے لئے ہیں جو روزہ کی اصل روح کے مطابق رکھیں،اسلئے ہمیں رمضان کی تمام برکتیں حاصل کرنی کی سعی کرنی چاہئے۔آخر میں مفتی محمد شاکر قاسمی کی رقت آمیز دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔اس موقع پر معہد کے تمام طالبات، اساتذہ ومعلمات اور عملہ موجود تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر