Latest News

جمعیۃ علماء مظفرنگر کی میٹنگ میں سماجی برائیوں کے خاتمہ کے لئے اصلاح معاشرہ کمیٹی کی تشکیل۔

جمعیۃ علماء مظفرنگر کی  میٹنگ میں سماجی برائیوں کے خاتمہ کے لئے اصلاح معاشرہ کمیٹی کی تشکیل۔
مظفر نگر: (سمیر چودھری)
جمعیۃ علماء ضلع مظفر نگر کی ماہانہ میٹنگ مسجد نمائش کیمپ میں ضلع صدر مولانا قاسم قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی، میٹنگ کی نظامت کرتے ہوئے ضلع جنرل سکریٹری مولانا مکرم علی قاسمی نے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے اصلاح معاشرہ کے پروگراموں کی وضاحت کی۔
میٹنگ میں سماج میں پھیلی ہوئی برائیوں کو ختم کرنے کے لیے ضلع بھر میں مہم چلا کر بیداری پھیلانے کا منصوبہ بنایا گیا اور اصلاح مشاعرہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ جمعیۃ علماء اتر پردیش کے ریاستی نائب صدر مولانا نذر محمد قاسمی نے کہا کہ معاشرے میں بہت سی برائیاں پھیل رہی ہیں جن کا معاشرے سے خاتمہ بہت ضروری ہے، امت مسلمہ جہیز جیسی لعنت میں ملوث ہے اور جہیز کی نمائش کرتی ہے جو بالکل غلط ہے۔ انہوں نے نشہ مخالف مہم چلانے پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو نشہ کی وجہ سے اپنی زندگی ضائع نہیں کرنی چاہیے اور اپنی قیمتی زندگی کو نیک کاموں میں استعمال کرنا چاہیے۔
اجلاس میں جمعیۃ علماء کے عہدیداروں نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو موبائل گیمز سے دور رکھیں اور تعلیم حاصل کرانے پر دھیان دیں۔ 
واضح رہے کہ حافظ شیردین شہر صدر بڈھانہ، مفتی عبدالقادر قاسمی جوہرہ، مولانا رضوان جانسٹھ، مولانا عبدالقیوم نرمانی، حاجی عزیز الرحمن شہر مظفر نگر وغیرہ کو سماجی اصلاحی پروگرام کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ اس دوران رمضان جنتری بھی جاری کی گئی۔اس موقع پر حاجی شاہدتیاگی حکیم امید علی، مفتی دانش،مولانا شاہد،اکرام قصار، سلیم ملک، مولانا انعام اللہ، کلیم تیاگی، مولانا مظفر اللہ، محمد آصف قریشی بڈھانوی، عقیل احمد، مولانا مدثر، مولانا عبداللہ پردھان مرسلین، مولانا عمران وغیرہ موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر