Latest News

قرآن کریم پوری انسانیت کے لئے ضابطہ حیات ہے، مدرسہ ہدایت العلوم چکوالی کے سالانہ اجلاس میں مولانا محمد عاقل قاسمی کا خطاب۔

قرآن کریم پوری انسانیت کے لئے ضابطہ حیات ہے، مدرسہ ہدایت العلوم چکوالی کے سالانہ اجلاس میں مولانا محمد عاقل قاسمی کا خطاب۔
دیوبند:(سمیر چودھری)
تحصیل رامپور منیہاران کے موضع چکوالی میں واقع مدرسہ ہدایت العلوم میں سالانہ اجلاس عام کا انعقاد کیاگیا۔ 
جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے دارلعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کے رکن اور جامعہ بدرالعلوم گڑھی دولت کے شیخ الحدیث مولانا محمد عاقل قاسمی نے کہا ہے کہ قرآن کریم وہ مقدس کتاب ہے جس کا ایک ایک حرف سچ اور حق ہے،یہ پوری انسانیت کے لئے ضابطہ حیات ہے، قرآن کریم کا دلچسپ اور حیرت انگیز معجزہ یہ ہے کہ چھوٹے چھوٹے معصوم بچے بھی اس کو اپنے سینہ میں محفوظ کرلیتے ہیں، قرآن پر عمل کرکے ہی دنیا اور آخرت کی نعمت سے آراستہ ہوسکتے ہیں،روز مرہ پیش آنے والے مسائل کا حل قرآن کریم میں موجود ہے۔
مہمان خصوصی آ ل انڈیا ملی کونسل کے ضلع صدر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے کہاہے کہ قرآن مجید نبی کریم کا زندہ جاوید معجزہ ہے،یہ واحد کتاب ہے جس کے حفاظت کی ذمہ داری باری تعالیٰ نے خود اپنے ذمہ لی ہے۔مولانا عبدالمالک مغیثی نے معاشرے میں منشیات کے استعمال اور شادیوں میں فضول اور بیجا اسراف پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے نکاح کو آ سان بنانے اور جہیز نہ لینے کا عوام سے ہاتھ اٹھوا کر عہد لیا۔
دارلعلوم وقف دیوبند کے استاذ مفتی عمران قاسمی نے کہا ہے کہ مستقبل کی بہتری کے لیے نوجوان نسل تمام خرافات چھوڑ کر تعلیم وتربیت پر دھیان دے، اعلیٰ تعلیم کا حصول بغیر محنت ممکن نہیں۔ 
علاوہ ازیں مفتی طیب قاسمی استاذ جامعہ بدرالعلوم گڑھی دولت، مولانا شمشیر قاسمی ناظم اعلیٰ جامعہ دعوت الحق معینیہ چررہو اور مولانا مکرم وغیرہ نے خطاب کیا۔بعد ازاں قرآن کریم حفظ کرنے والے دس طلباء کی علماء کے ہاتھوں دستاربندی کی گئی۔ 
صدارت مولانا محمد عاقل قاسمیت اور نظامت کے فرائض قاری منور رشیدی نے انجام دیئے۔ مدرسہ کے ناظم مولانا ذوالفان مظاہری نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔اس موقع حکیم زاہد حسن، مولانا نواب، حاجی ادریس، حامد اسران، فرمان،حافظ غیور، مولانا قمر، مولانا عبدالقادر، ڈاکٹر محمد اسرار سمیت کافی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔

DT Network

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر